محمد نواز شریف‘ مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر کے خلاف دائر نیب ریفرنس کی سماعت (کل) تک ملتوی

پیر 16 اپریل 2018 19:27

محمد نواز شریف‘ مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر کے خلاف دائر نیب ریفرنس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ،ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ممبر قومی اسمبلی کیپٹن (ر)محمد صفدر کے خلاف دائر نیب ریفرنس کی سماعت (کل)منگل تک ملتوی کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

پیر کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی تو اس موقع پر سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وکیل نے حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ موسم کی خرابی کے باعث سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز عدالت میں پیش نہیں ہو سکے جس پر عدالت نے مذکورہ درخواست کو منظور کرتے ہوئے ایک دن حاضری سے استثنٰی دے دیا ہے ۔

سماعت کے موقع پر ممبر قومی اسمبلی کیپٹن (ر)محمد صفدر عدالت میں پیش ہوئے ۔اس موقع پر سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے وکیل امجد پرویز نے جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کے بیان پر جرح کی۔امجد پرویز نے سوال کیا کہ نلسن کے رجسڑڈ شئیرز کب اور کس کے نام جاری ہوئے تھے تو واجد ضیاء نے جواب دیا کہ دستاویزات کے مطابق چار جولائی 2006 کو منروا کے نام پر جاری ہوئے تھے۔عدالت نے مزید سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔