ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نئے سربراہ کا انتخاب میرٹ اور شفافیت پر کئے جانے کے لئے احتجاجی مظاہرہ

پیر 16 اپریل 2018 19:19

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء)ورکنگ گروپ برائے اعلیٰ تعلیمی اصلاحات ، فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن اوریوتھ کونسل آف پاکستان و سول سوسائٹی کی جانب سے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نئے سربراہ کا انتخاب میرٹ اور شفافیت پر کئے جانے کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مطالبہ کیا گیا کہ نیب زدہ اور متنازعہ امید واروں کو تعیناتی کے عمل سے باہر رکھا جائے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 2018کا سال اعلیٰ تعلیمی شعبہ میں اہم تعیناتیوں کے حوالے سے نہات اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اسی سال ایچ ای سی چیئرمین سمیت قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد ،علامہ اقبال اوپن یونورسٹی ،نیشنل کالج آف آرٹس ودیگر اہم تعلیمی اداروں کے سربراہان کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

مقررین کا کہنا تھا کہ ماضی میں سر زد ہونے والی غلطیوں ،تنقید، اور خامیوں سے سبق سیکھتے ہوئے تعیناتیوں کا عمل شفافیت اور میرٹ کے اصولوں کے مطابق ہونا چاہئے ،اس موقع پر 10سے زائد تنظیموں کی جانب سے جاری کردہ 6نکاتی چارٹر میں مطالبہ کیا گیاہے کہ اعلیٰ تعلیمی شعبہ میں تمام تقرریاں سپریم کورٹ کے احکامات اور مجوزہ کوائف کو مد نظر رکھ کر کی جائیں۔

ایسے امید واروں سے اجتناب کیا جائے جن کی انکوائریاں اور کیس نیب یا مختلف عدالتوں میں زیرسماعت ہوں ، جبکہ مدت ملازمت میں توسیع کی حوصلہ شکنی کی جائے ،تعیناتی کے عمل کے دوران متعلقہ منسٹری کے افسران کی مداخلت بند کی جائے جیسا کہ ایچ ای سی کے سر براہ کی تقرری میں وفاقی وزارت تعلیم و تربیت کے چند افسران تا حال اثر انداز ہونے کی کوششیں کر رہے ہیں جس کی وجہ سے اس اہم عہدے کے لئے سربراہ کے چناؤ کے عمل کی شفافیت پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے ،مقررین کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے افسران کو تعیناتی کے عمل سے دور رکھا جائے ،اہم تعیناتیوں کے امید واروں کے ماضی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے تھرڈ پارٹی اکیڈمک آڈٹ کروایا جائے اور اس کو تعیناتی کے عمل کا لازمی جزو قرار دیا جائے۔

مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ اعلیٰ تعلیمی شعبہ میں ہونے والی بے ضابگیوں اور میرٹ کے بر عکس تعیناتیوں کا از خود نوٹس لیں جبکہ وزیر اعظم پاکستان کو بطور کنٹرولنگ اتھارٹی ایچ ای سی اپیل کی گئی کہ وہ ایچ ای سی کے چییئرمین کی تعیناتی میرٹ پر یقینی بنائیں اور متنازعہ امید واروں کو تعیناتی کے عمل سے دور رکھیں ۔