لمس کے وائس چانسلر کا صحافیوں کیلئے تمام لیبارٹری ٹیسٹ میں40فیصد رعایت کا اعلان

پیر 16 اپریل 2018 19:19

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (لمس)کے وائس چانسلر نے حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی درخواست پر صحافیوں کیلئے تمام لیبارٹری ٹیسٹ میں40فیصد رعایت کا اعلان کردیا‘ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بیکھارام نے کہاکہ صحافی معاشرے کا اہم حصہ ہیں جو دکھی انسانیت اور حقوق کے جنگ میں ہر پل سرگرم رہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی صحت پر کم توجہ دیتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی درخواست پر ہم نے لمس کی تمام لیبارٹریز میں تمام صحافیوں کیلئے تمام میڈیکل ٹیسٹوں پر چالیس فیصد رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے کہاکہ یہ رعایت ٹنڈوالہ یار، ٹنڈومحمد خان،جامشوروکے صحافیوں کیلئے بھی ہوگی جو ایچ یو جے کے ممبرز ہیں، پروفیسر ڈاکٹر بیکھا رام نے صحافیوں کی طبی سہولتوں کیلئے حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ابتدائی طور پر یہ رعایت صحافیوں کو دی جائے گی اس کے بعد مرحلہ وار اس رعائیت کو ان کی فیملیز تک وسعت دی جائے گی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر حمید الرحمن نے کہاکہ صحافی اپنی پیشہ وارانہ سرگرمیوںمیں اس درجہ مصروف ہوتے ہیں کہ وہ اپنے ذاتی مسائل پر توجہ نہیں دے پاتے اور بیشتر صحافی مالی طور پر مستحکم نہ ہونے کے سبب علاج ومعالجے کی سہولت سے محروم رہتے ہیں، اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایچ یو جے نے صحافیوں کیلئے لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو درخواست دی کہ وہ لیبارٹریز ٹیسٹ میں مناسب رعایت کا اعلان کریں جس پر آج انہوں نے چالیس فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ لمس انتظامیہ اس رعایت کو مزید توسیع دینے میں معاونت کرے گی، تقریب سے ایچ یو جے کے سیکریٹری شیراز ڈاھری، سیکریٹری پریس کلب امجد اسلام، لمس کے رجسٹرار ڈاکٹر روشن بھٹی، میڈیا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سروپ بھاٹیہ،لمس لیبارٹریز کے سربراہ ڈاکٹر اکرام اجن نے بھی خطاب کیا، تقریب میں سینئر صحافی علی حسن، سابق صدر ایچ یو جے جنید خانزادہ، ایچ یو جے کے عبدالکریم شیخ، ناصر شیخ، عبدالطیف، عمران ملک، سرور ندیم، الطاف کوٹی، شبیر مشوری، محسن خان، اکرم شاہد، آفتا ب میمن، قسیم قریشی اور دیگر صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔