بھارت اور پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کریں،میر واعظ عمر فاروق

جدوجہد آزادی کو منطقی انجام تک جاری رکھا، کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، مختار احمد وازہ

پیر 16 اپریل 2018 19:18

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںحریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پر امن حل پر زوردیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں بھارت اور پاکستان کے فوجی سربراہان کے بیانات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کی سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے اقدامات کریں۔

انہوںنے کہا کہ بھارت کے فوجی سربراہ نے طاقت اور تشدد کولاحاصل قرار دیا ہے جبکہ پاکستان کے فوجی سربراہ نے دونوںممالک کے درمیان کشمیر کے بنیادی مسئلے سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زوردیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کو مسئلہ کشمیر کو پائیدار اورپرامن حل کیلئے اقدامات کرتے چاہیں تاکہ مقبوضہ کشمیرمیں جاری خون ریزی بندہو سکے ۔

(جاری ہے)

ادھر جموںو کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد عبد اللہ طاری نے ایک بیان میں مسئلہ کشمیر کے بارے میںبھارت اور پاکستان کے فوجی سربراہان کے حالیہ بیانات کوخوش آئند قراردیتے ہوئے کہاہے کہ اب یہ بھارت اور پاکستان کی سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے ۔حریت رہنماء اور پیپلز لیگ کے چیئرمین مختاراحمد وازہ نے ڈاڈسرہ ترال میں پارتی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوںنے جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔