تجرباتی اور نظریاتی فزکس میں نئے اہداف کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

پیر 16 اپریل 2018 19:02

فیصل آباد۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد شعبہ فزکس کے زیراہتمام تجرباتی اور نظریاتی فزکس میں نئے اہداف کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، نیو سینٹ ہال میں دو روزہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال ظفر تھے جبکہ ڈین کلیہ سائنسز ڈاکٹر اصغر باجوہ مہمان اعزاز کے طور پر تقریب کا حصہ تھے، شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے نوجوان طلبہ پر زور دیا کہ فزکس میں تھیوری کی خاطر خواہ سمجھ بوجھ کیلئے خوب محنت کریں تاکہ عملی فزکس سے جانکاری میں آسانی ہو، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سولر ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھانے اور شعور اجاگر کرنے کیلئے فزکس ماہرین کو آگے آنا ہوگا، فارم سے صارف تک پہنچنے کے دوران دودھ کی خاصی مقدار جبکہ پھل اور سبزیاں بھی ضائع ہورہی ہیں جبکہ اگر فارم کی سطح پر سولر انرجی کے حامل ملک چلرز‘ پلمنگ اور پراسیسنگ پلانٹس کیلئے کسان کی مدد کی جائے تو دیہی سطح پر خوشحالی کا نیا دور شروع ہوسکتا ہے جس سے نئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونگے، انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ اپنی تحقیقات میں اطلاقی فزکس کے موضوعات پر توجہ دیں تاکہ بہتر سمجھ بوجھ کے ساتھ معاشرے کو درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکے، انہوں نے کہا کہ رواں دہائی کے دوران فزکس میں قابل ‘ باصلاحیت اور محنتی اساتذہ شامل ہوئے ہیں اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ جلد ہی ان کی خدمات کی وجہ سے یونیورسٹی کی رینکنگ میں بہتری نظر آئیگی۔