پیپلز پارٹی حکومت نے کے الیکٹرک اور ایس ایس جی سی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے، فردوس شمیم نقوی

پیر 16 اپریل 2018 18:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کے الیکٹرک اور ایس ایس جی سی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے۔ کراچی کے عوام گرمی میں شدید پریشانی اور ذہنی اذیت کا شکار ہیں اور حکومت ان کے لیے کچھ نہیں کر رہی۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گرمی تو ایک قدرتی و ماحولیاتی تبدیلی کا نام ہے جو خدا کی طرف سے ہے جس پر دُعا کے سوا کچھ نہیں کیا جاسکتا لیکن لوڈ شیڈنگ صرف اور صرف حکومت کی دین ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔ پیپلز پارٹی جسے آج حکومت ملی ہوئی ہے ، آنے والے وقت میں لوگ اس کا نام سننا بھی پسند نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

ووٹ لینے کے لیے پیپلز پارٹی کے رہنما عوام کے ساتھ ہمدردیاں جتاتے اور روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگاتے ہیں لیکن جب بجلی دینے کے معاملے پر کام کرنے کی باری آتی ہے تو سندھ حکومت وفاق سے احتجاج تک نہیں کرتی۔

اگر حکمران کراچی کے عوام کو بنیادی ضروریاتِ زندگی اور بجلی کے مسائل سے بھی نہیں نکال سکتے تو انہیں حکومت سے فوری مستعفی ہوجانا چاہئے۔ کراچی کے عوام آج کے الیکٹرک اور ایس ایس جی سی کی لڑائی دیکھ کر حیران ہیں۔ کے الیکٹرک کے پاس تیس دن کا ضروری ذخیرہ تک نہیں تھا جو پاور پرچیز ایگریمنٹ کے تحت اس کے پاس ہونا چاہئے تھا۔ نیپرا کو ایس ایس جی سی اور کے الیکٹرک کے خلاف پہلے ہی نوٹس لے لینا چاہئے تھا ، لیکن اب اتنی تاخیر کے بعد نوٹس لے ہی لیا ہے تو کوئی عملی اقدامات کرے۔

لوڈ شیڈنگ تو ہم دیکھ رہے ہیں کہ جوں کی توں ہے اور پورے کراچی کے اندر اس میں کوئی کمی دیکھنے میں نہیں آتی۔ لوگ گرمی کی وجہ سے تکلیف کا شکارہیں اور لوڈ شیڈنگ نے ان پر زمین تنگ کر رکھی ہے۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو چاہئے کہ عوام کے مسائل کا سنجیدہ حل پیش کرے۔صرف زبانی جمع خرچ سے کچھ نہیں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :