شہدائے پاکستان نوابزادہ میر سکندر زہری ، میر مہراللہ زہری ، میرزیب زہری کی پانچویں برسی خضدار میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

پیر 16 اپریل 2018 18:42

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) شہدائے پاکستان (شہدائے زہری)نوابزادہ میر سکندر زہری ، میر مہراللہ زہری ، میرزیب زہری کی پانچویں برسی خضدار میں عقیدت و احترام اور جوش و ولولہ کے ساتھ منائی گئی ۔ خلق جھالاوان خضدار میں بہت بڑا اجتماع منعقد ہوا ۔ جس میں خضدار شہر و مضافاتی علاقوں سمیت ،تحصیل کرخ ، نال ، زہری ، فیروزآباد، باغبانہ ، وڈھ ، ساسول ،مولہ، زیدی، خط کپر گھوڑاوہ ، فیروز آباد، سمیت دیگر علاقوں سے بڑی تعداد میں مسلم لیگ (ن) کے کارکن ، عوامی نمائندوں اور قبائلی عمائدین سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

برسی اجتماع کے لئے وسیع و عریض پنڈال قائم کیا گیا تھا ، جو شرکاء سے کچھا کچھ بھرا ہوا تھا ، اسٹیج پر ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی ، سینیٹر آغا شاہزیب درانی ، میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد ، سردار مراد خان شیخ ، میر کلیم اللہ ساسولی ، میر اورنگزیب زہری ، وڈیرہ محمد فاروق جاموٹ ، وائس چانسلر خضدار یونیورسٹی انجینئر محمدامین ،میر ظفراللہ خان ساسولی ، سردار بلند خان غلامانی ،عبیداللہ گنگو سمیت قبائلی عمائدین اور سیاسی کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) خضدار کے صدر میر عبدالرحمن زہری ،رئیس جاوید مینگل، نیشنل پارٹی خضدار کے صدر رئیس بشیراحمد مینگل ،میر اشرف علی مینگل ،خضداراتحاد کے چیئرمین میر اورنگزیب زہری ،وڈیرہ محمد فاروق جاموٹ ، چیئرمین مولہ عطاء اللہ موسیانی ،عید محمد ایڈوکیٹ ، منیراحمد قمبرانی، بشیراحمد جتک ودیگر نے اجتماع سے خطاب کیا ۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنامء وڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ شہدائے پاکستان کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ، یہ ہم سب کے لئے باعث فخر ہے کہ شہداء نے اپنے خون کا نذرانہ دیکر ہمارے لئے تاریخ رقم کردی ، ہمارے سپوتوں نے پورے پاکستان کے لئے قربانی دی ہیں ، ہم آئندہ انہیں شہدائے زہری نہیں بلکہ شہدائے پاکستان کہیں گے ۔

انہوںنے کہاکہ ہم بہادر اور دلیر قافلے کے راہی ہیں ، ہمارے شہداء نے قربانی دیکر پاکستان کی آبیاری کردی ہے ۔آج بلوچستان میں امن کا جو ماحول قائم ہے اس کے قیام میں ہماری شہداء کی قربانیاں شامل ہیں ،انہوںنے کہاکہ انڈیا کے ایجنٹ اور فصلی بٹیرے ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے ہیں ،ان کا کام یہ ہے کہ وہ صرف یہاں کے نوجوانوں کو ورغلاء کر ان کے ہاتھ سے قلم چھین کر بندوق تھمانا ہوتا ہے ، جب مشکل مرحلہ درپیش آتا ہے تو وہ بلوچستان چھوڑ کر دبئی اور لند چلے جاتے ہیں ۔

اور جب یہاں عافیت و سکون محسوس کرتے ہیں پھر عوام کو ورغلانے کے لئے چلے آتے ہیں ،انہوںنے کہاکہ ہم نے مشکل وقت اس شہر اس علاقے میں گزارا ہے اور ہم یہی رہیں گے ۔ یہاں کی سیاست کریں گے عوام کی خدمت کریں گے ۔ سب سے اچھی اور بہتر قومی پرستی یہ ہے کہ اپنے عوام کو سیدھی راستہ دکھانا ہے ، ان کو ترقی دینا ہے اور تعلیمی ترقی دینا ہے ، ایک بار پھر فصلی بٹیرے آئے ہیںاور وہ عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں ، تاہم اب عوام ان کا چہر پہچان چکا ہے اور وہ ان کے دھوکے اور ورغلانے میں نہیں آئیں گے ۔

ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ ہم 16اپریل کو آئندہ شہدائے پاکستان کے نام سے منائیں گے ۔ یہ دن ہر اس قربانی دینے والے افراد کے لئے ہوگا جو اس وطن کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دیتے ہیں ، چاہے وہ لیویز پولیس اور ایف سی اور پاک آرمی کا جوان ہو یا شہید بابا سکند زہری ، شہید مہرا للہ زہری ، شہید میر زیب زہری ہو سب کے لئے یہ دن مختص ہے اور اس دن کو شہدائے پاکستان کے نام سے عقیدت واحترم کے ساتھ منایا جائیگا ۔

نیشنل پارٹی ضلع خضدار کے صدر رئیس بشیراحمد مینگل ، نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنماء میر اشرف علی مینگل نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ہم شہداء کی قربانیوں کو یاد کرکے اس بات پر فخر محسوس کررہے ہیں کہ انہوںنے اپنی جان کی قربانی دیکر وطن کی آبیاری کردی ۔ نواب ثناء اللہ خان زہری کی جانب سے اس سے بڑی قربانی اور خدمت کیا ہوگی کہ انہوںنے اپنے فرزند بھائی اور بھتیجے کی جانوں کی قربانی دی ، اور شہداء کا وارث بن گیا ۔

مسلم لیگ (ن) اور نیشنل پارٹی کے دورے حکومت میں جس طرح صوبے کی تعمیر و ترقی کے لئے اقدمات کیئے گئے یہاں تعلیمی ادارے قائم کیئے گئے یونیورسٹی بنائی گئیں ، اس سے قبل یا بعد میں ترقی کی کوئی ایسی مثال بتائی جائے کہ جس میںعوام کی خدمت کی جاسکے ۔انہوںنے کہاکہ آج کچھ سیاسی نمودار ہوئے ہیں جو دورنگی کے نام سے مشہور ہیں ، ایک جانب انقلابیوں کا ساتھی بن رہے ہیں اور دوسری جانب وہ پاکستان کا وفادار بھی ہیں ،موجودہ دور اب وہ نہیں رہ گیا کہ جس میں عوام کو ورغلایا جائے اور دو کشتیوں کا سوار بن کر لوگوں کو اپنی جانب مائل کرنے کی کوشش کی جائے انہوںنے کہاکہ عوام ایسے فصلی بٹیروں کی شناخت کرچکے ہیں اور وہ ان کے ورغلانے میں نہیں آئیں گے ۔

تعزیتی ریفرنس کے دوران پاکستان زندا باد کے نعرے بھی لگائے گئے ۔

متعلقہ عنوان :