کوئٹہ، ایک روزہ سیمینار بموضوع "ادارے کی ترقی، صارفین کی خدمت، کارکنوں کی فلاح و بہبود اوران کی جان کی حفاظت" سرکل آفس تربت میں منعقد ہوا

پیر 16 اپریل 2018 18:42

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین(سی بی ای) آپریشن سرکل کیسکو مکران کے زیر اہتمام ایک روزہ سیمینار بموضوع "ادارے کی ترقی، صارفین کی خدمت، کارکنوں کی فلاح و بہبود اوران کی جان کی حفاظت" سرکل آفس تربت میں منعقد ہوا۔ سیمینار سے یونین کے مرکزی جوائنٹ صدر و صوبائی چیئرمین محمد رمضان اچکزئی، وائس چیئرمین عبدالباقی لہڑی، جوائنٹ سیکریٹری محمد یار علیزئی، بشیر احمد بلوچ، افتخار احمد بلوچ، طارق بلوچ اور نور احمد بلوچ سمیت دیگر عہدیداروں نے خطاب کرتے ہوئے مزدوروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور محنت سے ادا کرتے ہوئے بجلی چوری کی روک تھام کریں، غیر قانونی کنکشنزمنقطع کریں اور اگر کوئی بااثر بجلی چور کنکشن نہ کاٹنے دے تو اس کی رپورٹ متعلقہ ایس ڈی او اور ایکسین کو کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزدوروں پر زور دیا کہ وہ ہر ماہ فروخت کی گئی بجلی کی ریکوری کریں اور نادھندگان کی بجلی کسی صورت چلنے نہ دیںتاکہ بہتر ریکوری اور بجلی چوری کے خاتمے سے ادارے کی کارکردگی کو بڑھایا جاسکے۔ انہوں نے مزدوروں سے کہا کہ صارفین کی شکایات پر بجلی کی بروقت درستگی ، موبائل فون کے ذریعے درست ریڈنگ اور صارفین کے کنکشنز بروقت لگانا بھی ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے ہم اپنے حصے کی ذمہ داریاں ادا کرکے حکومت،پیپکو اور کیسکو انتظامیہ سے مطالبہ کرنے میں حق بجانب ہیں کہ وہ سستی بجلی پیدا کریں ، سستی بجلی خریدیں، گرڈ اسٹیشنز اور ہائی ٹینشن لائنیں ان علاقوں میں لگائیں جہاں بجلی چوری نہ ہو اور ادارے کی ریکوری بروقت ہو ۔

اسی طرح 11KV لائنیں اور ٹرانسفارمرز بھی ڈرائینگ و ڈیزائن کے مطابق لگانے سے بجلی چوری روکنے اور ریکوری اہداف حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی ادھار پر دینے کی حکومتی پالیسی سے کیسکو کو اربوں روپے کا خسارہ ہو رہا ہے اور اس کی ذمہ داری حکومت، پیپکو اور کیسکو انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے،اسٹاف کو گاڑیاں فراہم کرنے، دفاتر کیلئے بلڈنگ بنانے ،ورکرز کی رہائش کا بندوبست کرنے، کیسکو ملازمین کو صوبہ پنجاب کی کمپنیوں کی طرح دونوں بونس کی ادائیگی کرنے، کارکنوں کو سیکورٹی فراہم کرنے، انہیں سیفٹی آلات مہیا کرنے، ایمپلائز سنز کوٹے میں بھرتیاں کرنے، تمام کارکنوں کی پروموشن اور اپ گریڈایشن بروقت کرنے، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو ریگولر کرنے اور دیگر مسائل کے حل پر زور دیا۔

اس موقع پر انہوں نے نئے تعینات ہونے والے سپرنٹنڈنگ انجینئر مکران سرکل عبدالکریم میمن کوبحیثیت سپرنٹنڈنگ انجینئر مکران سرکل چارج لینے پر مبارکبا ددی اور تبادلہ ہونے والے سپرنٹنڈنگ انجینئر محمد اقبال بڑیچ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کیلئے ان کی خدمات کو سراہا۔ سیمینار سے سپرنٹنڈنگ انجینئر مکران سرکل عبدالکریم میمن ، سابقہ سپرنٹنڈنگ انجینئر مکران سرکل محمد اقبال بڑیچ، ایکسین تربت بنگل خان مری اور ایکسین گوادر علی حسن مگسی نے خطاب کرتے ہوئے سیمینار کے انعقاد کو مثبت قرار دیا اور کہا کہ ہم سب کو مل کر ادارے کی کارکردگی بڑھانے کیلئے شب و روز محنت کرنی چاہیے۔

انہوںنے یقین دلایا کہ کیسکو انتظامیہ ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔

متعلقہ عنوان :