قائمقام ڈپٹی کمشنر منصور علی خاں اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری

عبدالواحد کا گندم خریداری مراکزکا دورہ گندم خریداری مراکز پر کسانوں کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا ‘متعلقہ افسران کو میرٹ پر باردانہ کی تقسیم کو یقینی بنانے کی ہدایت باردانہ کی منصفانہ طریقے سے تقسیم کو سو فیصد یقینی بنایا جائیگا اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا‘قائمقام ڈپٹی کمشنر منصور علی خاں اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری عبدالواحد

پیر 16 اپریل 2018 18:42

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء)قائمقام ڈپٹی کمشنر قصور منصور علی خاں اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری عبدالواحد کا گندم خریداری مراکز کا دورہ ‘گندم خریداری مراکز پر کسانوں کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا ۔تفصیلات کے مطابق قائمقام ڈپٹی کمشنر قصور منصور علی خان نے سٹی قصور ‘بیدیاں ‘کھڈیاں میںجبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری عبدالواحد نے تحصیل چونیاں کے گندم خریداری مراکز تلونڈی ‘کنگن پور‘الہ آباد اورشامکوٹ گندم خریداری مراکز کے الگ الگ دورے کئے اور وہاں پر گندم خریداری کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔

انہوں نے اس موقع پر کسانوں کے مسائل سنے اور موقع پر فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے ۔انہوں نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ خود روزانہ کی بنیاد پر گندم خریداری مہم کی نگرانی کریں ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ انہوں نے باردانہ کے حصول کیلئے کسانوں کی جانب سے دی جانیوالی درخواستوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ صرف اور صرف میرٹ پر باردانہ کی تقسیم کو یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کے دبائو کو قبول نہ کریں ۔

انہوں نے کسانوں کو یقین دلایا کہ حکومت پنجاب کی واضح ہدایات کی روشنی میںباردانہ کی منصفانہ طریقے سے تقسیم کو سو فیصد یقینی بنایا جائیگا اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ کسانوں کو باردانہ کی تقسیم پہلے آیئے پہلے پائیے کی بنیاد پر کی جارہی ہے اور خریداری مراکز پر آنیوالے کسانوں کو بیٹھنے کیلئے کرسیاں ‘سایہ دار جگہ ‘پینے کیلئے ٹھنڈا پانی اور دیگر سہولیات دی جارہی ہیں ۔

اسی طرح گرداوری اور ریونیو ریکارڈ کی دیگر شکایات کے فوری حل کیلئے ریونیو افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تا کہ وہ بروقت ریکارڈ کی جانچ پڑتال کر کے رپورٹ کریں تا کہ کسی کسان کی حق تلفی نہ ہواور صحیح حقداران کو حکومت پنجاب کی گندم خریداری مہم سے مستفید ہونے کا موقع مل سکے ۔