حالیہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے منی لانڈرنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی، ملک کے بہترین مفاد میں غیر ملکی اثاثہ جات کو بھی واپس لایا جا سکے گا

صدر مملکت ممنون حسین کی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے دورہ کے دوران صحافیوں سے گفتگو

پیر 16 اپریل 2018 18:16

حالیہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے منی لانڈرنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی، ملک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حالیہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے منی لانڈرنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی اور ملک کے بہترین مفاد میں غیر ملکی اثاثہ جات کو بھی واپس لایا جا سکے گا۔ پیر کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے دورہ کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ملائیشیا اور انڈونیشیا میں اسی طرح کی ایمنسٹی سکیمیں کامیاب رہی ہیں۔

انہوں نے اس تاثر کو رد کر دیا کہ بیرون ممالک پاکستانیوں کی طرف سے جمع کی گئی تمام دولت غیر قانونی ذرائع سے حاصل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر اثاثہ جات پاکستانیوں کی محنت کا نتیجہ ہیں اور سب کو ہدف بنانا درست نہیں ہے۔ ریاستی اداروں میں تنائو سے متعلق سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ ہر ادارے کو اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا چاہئے تاکہ ایسی صورتحال سے بچا جا سکے جو ملک کیلئے نقصان دہ ہو۔

(جاری ہے)

جب ان سے سوال کیا گیا کہ آیا وہ صورتحال کی شدت کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیں گے تو صدر مملکت نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ قومی مفاد میں اپنے طور پر معاملات درست کرنے کیلئے سب کافی میچور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پاک۔چین اقتصادی راہداری پر عملدرآمد کی صورت میں خوشحالی کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس سفر کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھانے کیلئے سب کو اپنی مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔

آئندہ عام انتخابات کے بارے میں صدر نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ انتخابات وقت پر منعقد ہوں گے۔ قبل ازیں صدر مملکت ممنون حسین اپنے پاسپورٹ کی تجدید کیلئے ٹوکن کائونٹر پر گئے اور اس حوالہ سے ضابطہ کی تمام کارروائیوں کو پورا کیا۔ انہوں نے پاسپورٹ کے اجراء اور تجدید کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :