تحریکِ انصاف نے نگراں وزیراعظم اور نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے تین تین ناموں کو حتمی شکل دیدی

نگراں وزیر اعظم کیلئے عبدالرزاق داد، تصدق حسین جیلانی اور ڈاکٹر عشرت حسین کا نام تجویز ،شاہ محمود قریشی اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو پیش کرینگے پنجاب کے نگراں وزیر اعلی کے لیے ڈاکٹر سلمان شاہ، شاہد کاردار اور طارق کھوسہ کے نام تجویز کئے گئے ہیں‘ ذرائع

پیر 16 اپریل 2018 17:48

تحریکِ انصاف نے نگراں وزیراعظم اور نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے تین ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) تحریکِ انصاف نے نگراں وزیراعظم اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیلئے تین تین ناموں کو حتمی شکل دیدی ۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے پارٹی کے سینئر رہنماں کے مشورے سے نگراں وزیراعظم کے لئے 3 ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے، تحریک انصاف نے جن ناموں کو فائنل کیا ہے ان میں عبدالرزاق داد، تصدق حسین جیلانی اور ڈاکٹر عشرت حسین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی تینوں نام قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کو پیش کریں گے۔عبدالرزاق داد 1999ء سے 2002ء تک پرویز مشرف کی کابینہ میں وزیر تجارت رہ چکے ہیں، جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی چیف جسٹس پاکستان کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ ڈاکٹر عشرت حسین 1999ء سے 2006ء تک گورنر اسٹیٹ بینک رہے۔دوسری جانب پنجاب کے نگراں وزیر اعلی کے لیے ڈاکٹر سلمان شاہ، شاہد کاردار اور طارق کھوسہ کے نام تجویز کئے گئے ہیں، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود الرشید اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بعد یہ نام نگراں وزیر اعلی کے لئے سامنے رکھیں گے۔