انگلینڈ میں شکست کا خوف،مکی آرتھر مشکوک فٹنس کے حامل بلے بازوں کو مواقع دینے پر رضامند

پیر 16 اپریل 2018 17:22

انگلینڈ میں شکست کا خوف،مکی آرتھر مشکوک فٹنس کے حامل بلے بازوں کو مواقع ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16اپریل 2018ء)قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر بھی پاکستانیوں کا رنگ چڑھ گیا ، فٹنس اورکاکردگی دکھانے والوں کو ٹیم میں موقع دینے کا نعرہ لگانے والے مکی آرتھر مشکوک فٹنس کے حامل کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے پر رضامند ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق مئی 2016ءمیں قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر ہونے والے مکی آرتھر نے کھلاڑیو ں کی فٹنس اور ٹیم کیلئے کاکردگی پر کسی قسم کا سمجھوتا نہ کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس کا عملی مظاہرہ تب دیکھنے کو ملا جب 2017ءمیں چیمپئنز ٹرافی کے آغاز سے قبل انہوں نے مڈل آرڈر بلے بازعمر اکمل کو مکمل فٹ نہ ہونے پر پاکستان واپس بھیج دیا ۔

مکی آرتھر کی اس پالیسی کے ملکی کرکٹ پر نہایت اچھے اثرات دیکھنے کو ملے اور جہاں ایک طرف پاکستان نے تاریخ میں پہلی مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتا وہیں ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بھی پہلی پوزیشن پر قبضہ جمایا تاہم اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور آئر لینڈ کیلئے بیٹنگ کی خستہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے مکی آرتھر بھی فٹنس کے معاملے پر سمجھوتا کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں اور اسی لیے اتوار کے روز دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئے ٹیم منتخب کرتے وقت کہیں سمیع اسلم کی فٹنس پر سمجھوتہ ہواتو کسی نے سعد علی کے معاملے میں پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا جبکہ امام الحق بھی چیف سلیکٹر انضمام الحق سے رشتہ داری کا فائدہ اٹھاگئے۔

(جاری ہے)

یہ بات قابل غور ہے کہ انگلینڈ کے گزشتہ دورے پر سمیع اسلم کو پہلے دو ٹیسٹ میچز میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا تاہم جب تیسرے ٹیسٹ میں انہیں ڈیبیو کروایا گیا توانہوں نے اس دورے کی اپنی 4اننگز میں 2نصف سنچریوں کی مدد سے 167رنز سکور کرکے اپنی افادیت ثابت کردی اور شاید اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے سلیکٹرز نے اس مرتبہ بھی ان کی ناقص فٹنس کو نظر انداز کرتے ہوئے انہیں سکواڈ میں سلیکٹ کیا ہے ۔