کشمیریوں کے قاتل مودی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے، چوہدری محمد یاسین

پیر 16 اپریل 2018 17:45

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ 18 اپریل کو دولت مشترکہ کانفرنس سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خطاب کے موقع پر تاریخ ساز مظاہرہ کیا جائے گا اور اقوام عالم کو کشمیریوں کے قاتل مودی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے، اس احتجاجی مظاہرے میں کشمیری کمیونٹی کے ساتھ سکھ ، دلت اور دیگر کمیونٹیوں سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے، یہ احتجاج تاریخ ساز ہو گا ۔

وہ یہاں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں کشمیری عوام تاریخ ساز احتجاجی مظاہرہ کریں گے، جس کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں، اس مظاہرے میں برطانیہ اور یورپی ممالک میں رہنے والے کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن بڑی تعداد میں شرکت کریں گے ۔

(جاری ہے)

برطانیہ کے مختلف شہروں میں رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، بینرز، پلے کارڈز سمیت انٹرنیٹ کے ذریعے عوام کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔

اس مظاہرے کا مقصد دولت مشترکہ کے ممالک کو یہ بات باور کروانی ہے کہ نریندرمودی کے ھاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں، وہ لاکھوں انسانوں کا قاتل ہے، بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے، بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں پردنیا کے خطرناک ترین ہتھیار پیلٹ گنوں اور بعض مقامات پر کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے ۔شوپیاں جیسے واقعات اب روز مرہ کا معمول بن چکے ہیں بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی اس پر امن تحریک کو کچلنے کے لئے ہر حربہ استعمال کر لیا اور مظالم کی انتہا کر دی، قتل و غارت، خواتین کی آبرو ریزی، املاک کی تباہی اور نوجوانوں کو گرفتار کر کے ٹارچر سیلوں میں منتقل کر دینا روز مرہ کا معمول بن چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :