ڈپٹی سپیکر آزادکشمیر اسمبلی سردار فاروق احمد طاہر کی قیادت میں 9 رکنی پارلیمانی وفد برطانیہ روانہ

پیر 16 اپریل 2018 17:45

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) ڈپٹی سپیکر آزادکشمیر اسمبلی سردار فاروق احمد طاہر کی قیادت میں 9 رکنی پارلیمانی وفد ایک ہفتہ کے دورے پر برطانیہ روانہ ہو گیا ہے، وفد میں نورین عارف، چوہدری مسعود خالد، سید شوکت علی شاہ، چوہدری محمد سعید، حافظ احمد رضا قادری، چوہدری رخسار احمد، عبدالماجد خان اور چوہدری بشارت حسین شامل ہیں۔

بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانگی کے موقع پر سردار فاروق احمد طاہر نے کہا کہ موجودہ حکومت بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کر رہی ہے، مسئلہ کشمیر کو اپنے ایجنڈے میں سرفہرست رکھا ہوا ہے، پوری دنیا میں پارلیمانی وفود بھیج کر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کریں گے۔ ہتھرو ائرپورٹ پر پہنچنے پر وفد کا بھرپور استقبال کیا گیا۔

(جاری ہے)

پارلیمانی وفد دورہ لندن کے دوران مودی سرکار کے خلاف عالمی مظاہرے میں شرکت کرے گا۔ وفد برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران سمیت اعلیٰ شخصیات سے بھی ملاقات کرے گا اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی رائے عامہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہموار کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا اور شوپیاں میں نوجوانوں کی شہادت اور سنگین مظالم کو بے نقاب کیا جائے گا۔ پارلیمانی وفد نے برطانوی حکومت سے مسئلہ کشمیر حل کروانے کے لئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔