مسلم لیگ( ن) کے تین منحرف اراکین کے استعفے سپیکر آفس کو موصول ہو گئے ہیں

تینوں اراکین کو اپنے استعفوں کی تصدیق سپیکر کے پاس آکر یا بذریعہ فون لازمی کرنا ہوگی

پیر 16 اپریل 2018 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) مسلم لیگ ن کے تین منحرف اراکین کے استعفے سپیکر آفس کو موصول ہو گئے ہیں جن میں مخدوم خسرو بختیار،مخدوم زادہ باسط بخاری اور طاہر بشیر چیمہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق استعفوں کی تصدیق کے لیے تینو ں کو آج سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے چیمبر میں بلایا تھا لیکن تینوں ارکان قومی اسمبلی نوٹس کے باوجود سپیکر چیمبر نہیں آئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق تینوں ارکان نے نوٹس کے جواب میں کہا ہے کہ وہ آج مصروف ہیں لہذا انہیں کوئی اور تاریخ دے دیں۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے قاعدہ 43 کے مطابق تینوں اراکین کو اپنے استعفوں کی تصدیق سپیکر کے پاس آکر یا بذریعہ فون لازمی کرنا ہوگی سپیکر پوچھیں گے کہ آیا انہوں نے استعفے مرضی سے دیئے یا کسی دباؤ کے تحت دئیے ہیں ارکان کی طرف سے استعفیٰ کی تصدیق کے بعد ہی سپیکر منظور کریں گے ۔