18اپریل کو بھارتی وزیراعظم نریندررمودی کے خطاب کے موقع پر تاریخ ساز مظاہرہ کیا جائے گا ،ْچوہدری محمد یاسین

اقوام عالم کو کشمیریوں کے قاتل مودی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے ،ْجلسہ سے خطاب

پیر 16 اپریل 2018 16:36

ہاہیویکم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ 18 اپریل کو دولت مشترکہ کانفرنس سے بھارتی وزیراعظم نریندررمودی کے خطاب کے موقع پر تاریخ ساز مظاہرہ کیا جائے گا اور اقوام عالم کو کشمیریوں کے قاتل مودی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔

اس احتجاجی مظاہرے میں کشمیری کمیونٹی کے ساتھ دوسری کمیونٹوں جن میں سکھ کمیونٹی دلت کمیونٹی اور دوسری کمیونٹوں سے تعلق رکھنے والے افراد ہمارے ساتھ احتجاجی مظاہر ے میں شرکت کریں گے، یہ احتجاج تاریخ ساز ہو گا ۔پیر کوایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں کشمیری عوام تاریخ ساز احتجاجی مظاہرہ کریں گے، جس کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں اس مظاہرے میں برطانیہ اور یورپین ممالک میں رہنے والے کشمیری آور پاکستانی تارکین وطن بڑی تعداد میں شرکت کریں گے ۔

(جاری ہے)

برطانیہ کے مختلف شہروں میں رابطوں کا سلسلہ جاری ہے بینرز،پلے کارڈز سمیت انٹرنیٹ کے ذریعے عوام کے ساتھ رابطے جاری ہیں انھوں نے کہا کہ 18 اپریل کو بھارتی وزیراعظم نیندر مودی دولت مشترکہ کانفرنس میں شرکت کیلئے برطانیہ آ رہے ہیں اس موقع پر کشمیری عوام بھارتی وزیراعظم کی امد پر ایک تاریخ ساز احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ اس مظاہرے کا مقصد دولت مشترکہ کے ممالک کو یہ بات باور کروانی ہے کہ نریندررمودی کے ھاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں وہ لاکھوں انسانوں کا قاتل ہے بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں پردنیا کے خطرناک ترین ہتھیار پیلٹ گنوں اور بعض مقامات پر کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔شوپیاں جیسے واقعات اب روز مرہ کا معمول بن چکے ہیں بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی اس پر امن تحریک کو کچلنے کے لئے ہر حربہ استعمال کر لیا اور مظالم کی انتہا کر دی قتل و غارت خواتین کی آبرو ریزی املاک کی تباہی نوجوانوں کو گرفتار کر کے ٹارچر سیلوں میں منتقل کر دینا روز مرہ کا معمول بن چکا ہے انہوں نے کشمیری کمیونٹی اور دوسری کمیونٹوں سے اپیل کی کہ وہ بھی مظلوم کشمیری عوام کا ساتھ دیں تاکہ انکی آواز کو اقوام عالم تک پہنچایا جاسکے۔