سرگودھا،دوروز قبل ضمانت پر رہا ہونے والے 38 سالہ نوجوان کو مخالفین نے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا

پیر 16 اپریل 2018 16:33

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) قصبہ بھلوال میں دوروز قبل ضمانت پر رہا ہونے والے 38 سالہ نوجوان کو مخالفین نے دن دیہاڑے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گے۔پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد کر کے کاروائی شروع کر دی گئی۔ذرائع کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقہ گوجرہ کا شرافت علی المعروف سہیل ٹاٹری سرگودھا کے موضع سید پور بھیرہ کا رہائشی تھا جو مقدمہ قتل میں دو روز قبل ہی ضمانت پر رہا ہوکر گھر آیا تھا۔

(جاری ہے)

شرافت علی اپنے دوست کے ہمراہ بھلوال کچہری سے موٹرسائیکل پر موضع نبی شاہ بالا جا رہا تھا کہ راستہ میں نبی شاہ روڈ پر دوسرے موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس سے شرافت علی موقع پر دم توڑ گیا۔مقتول کی مظہر شاہ وغیرہ سے پرانی دشمنی چلی آ رہی ہے یہ قتل بھی اسی رنجش کی کڑی بتلایا جا رہاہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی اور پولیس موقع واردات پر پہنچ گئی اور شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیئے۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بھلوال منتقل کر کے بعدازاں ورثاء کے سپرد کر دیا گیا۔ پولیس تھانہ بھلوال صدر مصروف تفتیش ہے۔

متعلقہ عنوان :