پاکستانی بیوی یاقومی ٹیم ؟ محمد شہزادنئی مشکل میں پھنس گئے

پیر 16 اپریل 2018 15:31

پاکستانی بیوی یاقومی ٹیم ؟ محمد شہزادنئی مشکل میں پھنس گئے
کابل(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16اپریل 2018ء)افغانستان کیلئے سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی رنزبنانے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد شہزاد کو افغان کرکٹ بورڈ نے نئی مشکل میں ڈال دیاہے۔بھارتی آشیرباد حاصل ہوجانے کے بعد افغان حکومت اور اداروں کا پاکستان پر ہرزہ سرائی کا عمل کافی دیر سے جاری ہے تاہم اب افغان کرکٹ بورڈ جس اندازمیں اپنے ہی اوپنر محمد شہزاد کے پیچھے پڑگیاہے وہ یقینا انوکھی اورحیران کن با ت ہے۔

پاکستان کےخلاف زہراگلنے والے افغانستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین عاطف مشال نے پاکستان جانے اور کلب کرکٹ کھیلنے پر محمد شہزاد پر 3لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کرنے کے بعد ان کیلئے نئی مشکل کھڑی کرتے ہوئے فیملی سمیت پاکستان سے افغانستان منتقل ہونے کیلئے ایک ماہ کا نوٹس دےدیا۔

(جاری ہے)

عاطف مشعال نے محمدشہزاد کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ فیملی کے ہمراہ پاکستان چھوڑ کر افغانستان منتقل نہ ہوئے تو ان کا نہ صرف افغان کرکٹ بورڈ سے معاہدہ منسوخ کردیا جائےگا بلکہ کسی اور لیگ میں کھیلنے کیلئے این اوسی بھی نہیں دیا جائے گی۔

واضح رہے کہ محمد شہزاد لاکھوں افغانوں کی طرح پاکستان میں موجود افغان کیمپ میں پلے بڑھے اور اپنی ابتدائی کرکٹ بھی یہیں پر کھیلی ہے، انہوں نے پشاور میں مقیم ایک پاکستانی فیملی سے رشتہ جوڑا اور شادی کرکے وہیں رہائش پذیر ہیں۔محمدشہزاد کیلئے یہ صورتحال انتہائی دلغراش ہے جن پر فیملی کی جانب سے افغانستان منتقل نہ ہونے کا دباﺅ ہے اور اب انہیں کرکٹ کیریئریا فیملی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑسکتاہے،اب تک محمد شہزاد کا ا س حوالے کوئی موقف سامنے نہیں آسکا ہے ۔