وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی 13 میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا،

رہائشی علاقے میں گزشتہ ایک ہفتے سے پانی کی فراہمی بند پانی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل اور ہفتے میں کم از کم 2بار پانی سپلائی کیا جائے، رہائشیوں کا مطالبہ

پیر 16 اپریل 2018 13:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی 13میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا، سیکٹر کے بیشتر مکینوں کو گزشتہ ایک ہفتے سے پانی کی فراہمی بند ہے۔ علاقے کے مکینوں نے پیر کو بتایا کہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن کے حکام کی عدم توجہی کے نتیجے میں سیکٹر کے مکینوں بالخصوص جی تھرٹین ون کے رہائشیوں کو پانی کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

شہریوں نے الزام لگایا کہ حکام کی جانب سے اس صورتحال میں ٹینکر مافیا کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے اور فائونڈیشن کے ٹینکروں کے ذریعے من پسند افراد کو پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ مقامی شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ G-13 کے رہائشیوں کے لئے پانی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے اور انہیں ہفتے میں کم از کم 2بار پانی سپلائی کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوال اٹھایا کہ G-13 میں بننے والے کثیر المنزلہ لائف سٹائل ریذیڈنسی کو اس صورتحال میں کیسے پانی فراہم کیا جائے گا جبکہ علاقہ کے موجودہ مکینوں کو پانی کی سپلائی میں بندش کا سامنا ہے۔

لوگوں نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے گیٹ وے سیکٹر جی 13میں صفائی کی ناقص صورتحال‘ سٹریٹ لائٹس کی عدم موجودگی اور گندے پانی کی نکاسی کا نظام انتہائی خراب ہے جسے ابھی تک بہتر نہیں بنایا جاسکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیکٹر جی 13اور جی 14کو ہائوسنگ فائونڈیشن کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ ہائوسنگ فائونڈیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کے ٹرانسفارمر کی خرابی کے باعث پانی کی فراہمی میں تعطل آیا ہے جسے جلد ٹھیک جائے گا۔

متعلقہ عنوان :