کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی کی ٹیم 3 روزہ دورے پر تھر پہنچ گئی، قحط زدہ علاقے میں 500کنوئیں تعمیر کئے ، مزید ایک سو کی تعمیر کا کام جاری ہے ، ڈاکٹر آصف محمود جاہ

پیر 16 اپریل 2018 13:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی کی ٹیم 3 روزہ دورے پر سندھ کے صحرائی علاقے تھر پہنچ گئی ۔ سوسائٹی نے مختلف علاقوں میں غریب، نادار، مریضوں کے مفت علاج معالجہ کی غرض سے کیمپ قائم کردیئے جس میں علاقے کے تقریباً 2 ہزار مریضوں کو علاج کی مفت سہولتیں حاصل ہو ں گی ۔ یہ بات کسٹمر کیئر سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر آصف محمود جاہ (ستارہ امتیاز) نے پیرکو ایک ملاقات میں بتائی۔

انہوں نے بتایاکہ اس قحط زدہ علاقے میں سب سے پہلے سوسائٹی نے پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لئے تقریباً 500کنوئیں تعمیر کئے ہیں جبکہ 100 مزید کنوؤں کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔یہ کنویں 50 سال تک یہاں کے مکینوں کے لئے پینے کاصاف پانی فراہم کرتے رہیں گے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے مزید بتایاکہ لاہور کے جہانزیب بلاک علاقہ اقبال ٹائون میں ایک مکمل ہسپتال کئی برسوں سے کام کررہا ہے جبکہ ملک بھر میں 32 کے قریب ڈسپنسریاں قائم کی گئیں ہیں ۔

اس کے علاوہ دس سکول، دس کمیونٹی سنٹرز کے اخراجات بھی سوسائٹی برداشت کررہی ہے۔ میانمار (برما) اور شام کے لاکھوں مسلمانوں کے لئے امدادی اشیاء ترکی سے متاثرین کوپہنچائی جا رہی ہیں۔ اس سے قبل ڈیڑھ کروڑ کی امداد ی اشیاء پہلے ہی فراہم کی جا چکی ہیں۔ ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے مزید بتایاکہ اس سال رمضان کے موقع پر گزشتہ سالوں کی طرح خصوصی رمضان پیکج کا بھی اہتمام کیاجارہاہے۔ اس کے علاوہ عید قربان کے موقع پر قربانی کاگوشت متاثرین کو دیاجائے گا۔ سوسائٹی 1998ء قائم ہے اور ویلفیئر کے کام سرانجام ناجم دے رہی ہے جس میں سیلاب اور زلزلہ زدگان کی امداد بھی شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :