سرکاری سکیم کے تحت باقی بچ جانے والے 10 فیصد حج کوٹے کی قرعہ اندازی رواں ہفتے کر دی جائے گی

مسلسل تین سال سے ناکا م رہنے والے اور عمومی درخواست گزاروں کو قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا سال سے زائد عمر کے 5 ہزارافراد کو بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب قرار دیاجائے گا، وزارت مذہبی امور

پیر 16 اپریل 2018 13:12

سرکاری سکیم کے تحت باقی بچ جانے والے 10 فیصد حج کوٹے کی قرعہ اندازی رواں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) وزارت مذہبی امور سرکاری سکیم کے تحت باقی بچ جانے والے 10 فیصد حج کوٹے کی قرعہ اندازی رواں ہفتے کر دے گی جس میں مسلسل تین سال سے ناکا م رہنے والے اور عمومی درخواست گزاروں کو شامل کیا جائے گا جبکہ 5ہزار کے قریب80 سال سے زائد عمر رسیدہ افراد کو بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب قرار دیاجائے گا۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وزارت مذہبی امور کی اپیل خارج کردی ہے جس کے مطابق سرکاری سکیم کاکوٹہ 60 فیصد اور پرائیویٹ سکیم کا کوٹہ 40 فیصد ہو گا۔ وزارت مذہبی امور سرکاری سکیم کے تحت 50فیصد کوٹے کی قرعہ اندازی پہلے کر چکی ہے جبکہ باقی 10 فیصد بچ جانے والے کوٹے کے حساب سے 20 ہزار درخواست گزاروں کی قرعہ اندازی رواں ہفتے کر دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 20 ہزار میں سے مسلسل تین سال سے ناکام رہنے والے 10 ہزار درخواست گزاروں اور کچھ عمومی درخواست گزاروں کی قرعہ اندازی کی جائے گی جبکہ 80 سال سے زائد 5ہزار کے قریب عمر رسیدہ افراد کو بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب قرار دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :