حریت رہنمائوں اور تنظیموں کی طرف سے شہید کشمیری نوجوان کو زبردست خراج عقیدت پیش

پیر 16 اپریل 2018 12:03

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنمائوں اور تنظیموںنے گزشتہ روز شہید ہونیوالے کشمیری نوجوان عامر حمید لون کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 22سالہ عامرحمید لون 3اپریل کو ضلع گاندر بل کے علاقے کنگن میں بھارتی فورسز کی طرف سے پر امن مظاہرین پر فائرنگ میں شدید زخمی ہوا تھاجو گزشتہ روز سرینگر کے صورہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے جو سرینگر میںگھر میں نظربند ہیں جنازے کے شرکا سے ٹیلیفونک خطاب میں شہید نوجوان کو شاندارخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کے پے درپے قتل کی شدید مذمت کی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں معصوم شہریوں کاقتل عام کسی بھی مہذب سماج کیلئے ناقابل برداشت ہیں۔

انہوںنے شہدائے کھڈ ونی اور پڈرپورہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید غیاث الدین کے والدین کی ڈھارس بندھائی۔ انہوںنے شہداء کے مقدس مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے بھارت نواز سیاست دانوں اور ان کی مکروہ چالوں سے ہوشیار رہنے کی ہدایت۔سیدعلی گیلانی نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی شدیدمذمت بھی کی۔

حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے بھی ایک بیا ن میں نوجوان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے کشمیری نوجوانوں کی جانوں کے زیاں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کے ظلم و بربریت نے ہمیں ایک اور نوجوان سے محروم کر دیا۔جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے عامر احمد لون کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کی تعیناتی کا واحد مقصد معصوم کشمیریوں کو قتل کرنا ہے۔

انہوںنے کہاکہ بھارتی حکمرانوں نے اپنے فوجیوں کو کشمیریوں کے تہہ وتیغ کرنے کی مکمل چھوٹ دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوپیان سے کولگام، سوناواری سے ہندواڑہ اوربانڈی پورہ سے کنگن تک ہر جگہ کشمیریوں کا لہو بے دریغ بہایا جا رہا ہے۔ محمد یاسین ملک کی ہدایت پر لبریشن فرنٹ کے ایک وفد بشیر احمد راتھر کی قیادت میں چھتر گل گیااور شہید نوجوان کی نماز جنازہ میںشرکت کی ۔

وفد نے شہید نوجوان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکیا۔ حریت رہمنائوں آسیہ اندرابی ، محمد مصدق عادل، انجینئرہلال احمد وار، ظفر اکبر بٹ، مشتاق الاسلام اور تحریک مزاحمت نے اپنے الگ الگ بیانات میں شہید نوجوان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران اسداللہ خان، بشیر احمد اور نظیر احمد پر مشتمل سالویشن موومنٹ کے ایک وفد نے کنگن جاکر عامر لون کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :