سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کاگورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کیلئے 20 لاکھ روپے کا عطیہ

اتوار 15 اپریل 2018 18:40

لاہور۔15 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2018ء) سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کا اپنی مادرِعلمی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے ایڈوومنٹ فنڈ ٹرسٹ کو مستحق طلباء کی فیس کے لیے 20 لاکھ روپے کا عطیہ۔ اولڈ روائینز یونین کے سالانہ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے، جنرل (ر) راحیل شریف کا کہنا تھا کہ کالج کے دن، اپنی موٹر سائیکل اور لال کوٹ بہت یاد آتے ہیں، اپنے اساتذہ کا شکرگزار ہوں، جنہوں نے عزت اور وقار کے ساتھ زندگی کے مختلف چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے میری تربیت کی۔

مجھے راوئین ہونے پر فخر ہے، گورنمنٹ کالج میں پہلی بار 1964ء میں آیا تھا جب میری بہن نے اس نامور ادارے سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ میرے دو بھائیوں میجر شبیر شریف شہید (نشاں حیدر) اور کیپٹن ممتاز شریف نے بھی جی سی سے ہی تعلیم حاصل کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکڑ حسن امیر شاہ کا کہنا تھا کہ اولڈ روائینز جی سی یونیورسٹی کی اصل طاقت ہیں، جو اس کی ترقی اور تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں - اولڈ روائینز کی سپورٹ سے قائم ہونے والا اینڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ اب 36 کروڑ روپے تک جا پہنچا ہے جو ہر سال 600 سے زائد مستحق طلباء کو سکالرشپ دے رہا ہی- تقریب سے اولڈ روائینز یونین کے صدر قاضی آفاق حسین، جرنل سیکرٹری رانا اسعد اور آنریری سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر خالدمنظور بٹ نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر یونین کی جانب سے طارق فارانی کو ان کی موسیقی اور جی سی کے لیے خدمات کے اطراف میں لائف ٹائم ایچومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ بعدازاں نامور گلوکار خالد بیگ نے بھی پرفارم کیا۔ وزیر تعلیم پنجاب سید رضا علی گیلانی سمیت کئی اہم اولڈ روائینز نے عشائیہ میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :