11 ارب ڈالر کے بین الاقوامی بانڈز کی فروخت سے نقد رقم کی 2018 ء کی ضرورت پوری کرلی ، ،سعودی حکام

اتوار 15 اپریل 2018 13:40

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2018ء) سعودی حکام نے کہا ہے کہ 11 ارب ڈالر مالیت کے بین الاقوامی بانڈز کی فروخت سے نقد رقم کی اپنی 2018 ء کی ضرورت پوری کرلی ہے۔ذرائع ابلاغ نے ڈیبٹ مینجمنٹ حکام کے حوالے سے بتایا کہ سعودی عرب نے 2016 ء میں خام تیل کے کم نرخوں کے باعث اپنا بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لیے بین الاقوامی بانڈز کا اجراء شروع کیا اور اب دنیا میں سب سے زیادہ بین الاقوامی بانڈز فروخت کرنے والے ملکوں میں شامل ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے فروخت کیے گئے 11 ارب ڈالر مالیت کے بین الاقوامی بانڈز مختلف مدتوں کے ہیں جن میں 7 ، 12 اور 31 سال کے بانڈز شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سال کے باقی عرصے میں اندرون ملک بانڈز کے اجراء سے قرض کے حصول پر توجہ دی جائے گی، اس پروگرام کے تحت 65 فیصد قرض مقامی اور 35 فیصد بین الاقوامی ذرائع سے حاصل کیا جاسکتا ہے تاہم اس میں 10 فیصد کمی بیشی کی گنجائش ہے۔یاد رہے کہ سعودی عرب رواں سال کے دوران 18 ارب ریال (4.8 ارب ڈالر)مالیت کے مقامی اسلامی بانڈز جاری کرچکا ہے، اس کا منصوبہ ہے کہ سال کے دوران مارکیٹ کی صورتحال کے تناظر میں 60-70 ارب ریال کے اسلامی بانڈز جاری کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :