پاکستان کا بابر کروز میزائل کے جدید ماڈل کا کامیاب تجربہ

میزائل پانی اور خشکی پر ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت کا حامل ہے بابر کروز میزائل میں جدید ترین نیوی گیشن سسٹم نصب ہے ، یہ 700 کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے ،ْ آئی ایس پی آر صدر ،ْ وزیر اعظم ،ْ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ،ْ تینوں مسلح افواج کے سربراہان کی سائنسدانوں کو مبارکباد

ہفتہ 14 اپریل 2018 21:45

پاکستان کا بابر کروز میزائل کے جدید ماڈل کا کامیاب تجربہ
ْاسلام آباد/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2018ء) پاکستان نے بابر کروز میزائل کے جدید ماڈل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق پاکستانی سائنس دانوں اور انجینئرز نے بابر کروز میزائل کے جدید ماڈل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، اسٹیلتھ فیچر کا حامل یہ میزائل 700کلومیٹر دور تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے بابر ویپن سسٹم ون (بی)میں ایڈوانسڈ ایروڈائنامک اور ایوی یونک فنکشنز شامل ہیں جس کی بنا پر یہ میزائل پانی اور خشکی دونوں پر اپنے ہدف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بناسکتا ہے۔

پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ بابر کروز میزائل نچلی پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہرقسم کا وار ہیڈ اپنے ساتھ لے جاسکتا ہے اس میزائل کی بدولت پاکستانی دفاع مزید مضبوط ہوگا۔ڈی جی اسٹریٹجک پلاننگ ڈویژن، چیئرمین نیسکام اور سینئر سائنس دانوں نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔ صدر مملکت ممنون حسین ،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے کامیاب میزائل ٹیسٹ پر سائنس دانوں، نیسکام اور این ڈی سی کے انجینئرز کو مبارک باد پیش کی ہے۔