پیپلزپارٹی کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنے سے بہتر ہے بندہ سیاسی خودکشی کرلے،فواد چوہدری

مریم کو تاریخ سے ناواقف ہیں ،نواز اور زرداری ساری عمر بھائی بھائی رہے،سعد رفیق ، اسحاق ڈار اور شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر نے پہلا حلف مشرف سے ہی لیا تھا،مریم بی بی مخالفین کیخلاف بیان دینے سے پہلے اپنے والد کی تاریخ پڑھ لیں، پریس کانفرنس

ہفتہ 14 اپریل 2018 21:41

پیپلزپارٹی کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنے سے بہتر ہے بندہ سیاسی خودکشی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اپریل2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری ساری عمر بھائی بھائی ہی رہے ہیں۔ نوازشریف نے تو وقت آنے پر پرویز مشرف کو بھی بھائی بنالیا تھا اور ان سے ہی حلف بھی لیا تھا۔ سعد رفیق، اسحاق ڈار اور شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر نے بھی پہلا حلف مشرف سے ہی لیا تھا۔

یہ بات فواد چوہدری نے ہفتہ کی شام ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز مخالفین کے خلاف بیانات دینے سے پہلے اپنے والد کی سیاسی تاریخ کا مطالعہ کرلیں۔مریم نواز کو اپنی تاریخ کا علم ہی نہیں، ان کے بھائی پیسے سنبھالنے میں مصروف ہیں اور وہ ایک حادثے کے نتیجے میں سیاست میں آگئیں، مخالفین کے خلاف بیانات دینے سے پہلے اپنے والد کی سیاسی تاریخ پڑھ لیں۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تحریک انصاف کو ایسی مشین بنادیا ہے جس کے بغیر آپ الیکشن نہیں جیت سکتے۔ اور ہم وہ سمندر بن گئے ہیں جس کی جانب تمام دریاوں کا رخ ہے۔ نون لیگ کے بکھرنے کا عمل جاری ہے اور آئندہ چند روز میں اس کے مزید لوگ بھی تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پتہ نہیں انتخابات میں ہمارا مقابلہ نون لیگ سے ہوگا یا صرف چند ڈھیریاں ہی باقی بچیں گی۔

ایک سوال کے جواب میںان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنے سے بہتر ہے کہ بندہ سیاسی خودکشی کرلے۔پیپلز پارٹی کے پاس تو اپنے امیدوار ہی نہیں ہیں۔ ہم نے چیئرمین سینیٹ کے لئے بھی ان کے ساتھ کوئی بات نہیں کی تھی اور ناہی کوئی ووٹ دیا تھا۔ خورشید شاہ نے نگراں وزیراعظم کا نام مانگا ہے ہماری جماعت نے نام فائنل کرلیا ہے اور وہ نام ہم خورشید شاہ کو ہی دیں گے۔