بی ایف ایف کمنٹ کا معاملہ ؛فیس بک پر وائرل ہو جانے والے نئے جھانسے کا پول کھل گیا

بی ایف ایف نہ تو مارک زکر برگ کی تخلیق ہے اور نہ ہی اسکا اکاونٹ کے محفوظ ہونے یا نہ ہونے سے کوئی تعلق ہے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 14 اپریل 2018 20:43

بی ایف ایف کمنٹ کا معاملہ ؛فیس بک پر وائرل ہو جانے والے نئے جھانسے کا ..
نیویارک (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار- 14اپریل 2018ء ):بی ایف ایف کمنٹ کا معاملہ ؛فیس بک پر وائرل ہو جانے والے نئے جھانسے کا پول کھل گیا۔ بی ایف ایف نہ تو مارک زکر برگ کی تخلیق ہے اور نہ ہی اسکا اکاونٹ کے محفوظ ہونے یا نہ ہونے سے کوئی تعلق ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیس بک کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی چند بہترین سوشل ویب سائٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔

یہ نہ صرف دوستوں کو آپسی رابطے بڑھانے میں مدد دیتی ہے بلکہ کمرشل بنیادوں پر بھی مفید ثابت ہوتی ہے۔حال ہی میں فیس بک کی جانب سے صارفین کے ڈیٹا کو کمرشل مقاصد کےلیے استعمال کرنے کا سکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد فیس بک مشکلات کا شکار ہے جب کہ اس کے حوالے سے نت نئے انکشافات بھی منظر عام پر آرہے ہیں۔حال ہی میں اپنے اکاونٹ کی حفاظت کو یقنی بنانے کے لیے ایک پوسٹ فیس بک پر وائرل ہو گئی تھی جس میں کہا گیا کہ فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے بی ایف ایف نامی ٹرم کوائن کی ہے ۔

(جاری ہے)

آپ اگر اپنے اکاونٹ کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہتے ہیں تو کمنٹ میں بی ایف ایف ٹائپ کریں اگر وہ سبز رنگ میں ظاہر ہو تو اسکا مطلب یہ ہے کہ آ پکا اکاونٹ محفوظ ہے ورنہ جلدی آپ کو اپنا پاسورڈ تبدیل کر لینا چاہیے کیونکہ آپ کا اکاونٹ ہیک ہو چکا ہے۔تاہم کثیر تعداد میں کمینٹ حاصل کرنے کے باوجود بی ایف ایف والی پوسٹ ایک جھانسہ نکلی۔بین الاقوامی خبری ادارے کے ایک مضمون کے مطابق بی ایف ایف کی اصطلاح مارک زکربرگ نے نہیں بلکہ آکسفورڈ ڈکشنری کے مطابق 1996میں بنی تھی اور جہاں تک اس کا سبز رنگ میں ظاہر ہونے کا تعلق ہے تو اس کی اصل فیس بک کا ٹیکسٹ ڈی لائٹ نامی فیچر ہے جس کے مطابق مخصوص ٹیکسٹ کو اگر کمنٹ میں لکھا جائے تو وہ سادہ انداز کی بجائے مخصوص رنگوں میں ظاہر ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ فیس بک کا سکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد اس طرح کی پوسٹیں کافی وائرل ہو رہی ہیں۔