نواز شریف محض ایک فرد کا نام نہیںبلکہ ایک نظریے اور فلسفے کا نام ہے، عرفان صدیقی

ہفتہ 14 اپریل 2018 18:26

فیصل آباد۔14 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2018ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے ملک بنایا تھا اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ملک بچانے کے لئے لازوال قربانیاں دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی جنرل سیکرٹری یوتھ ونگ پنجاب چوہدری کاشف نواز کے ڈیرے گلستان کالونی سے ممبر شپ مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر وزیر مملکت پانی و بجلی و صوبائی صدر یوتھ ونگ چوہدری عابد شیر علی ‘ کاشف نواز رندھاوا ‘ حافظ شفیق کاشف ‘ مہر مدثر ‘ چوہدری احمد نواز رندھاوا ‘چوہدری شہباز رندھاوا ‘ سہیل سرور ‘رانا ذوالقرنین ‘ محمد عادل ‘ عبدالرحمن کھوکھر ‘ فیاض گوندل ‘ اشرف کونسلر ‘منظور شہزاد ‘ چوہدری عبدالرحیم رندھاوا ‘ میاں محمد سرور ‘ اقلیتی رہنما جوئیل عامر سہوترا ‘ سلیم آفتاب کے علاوہ دیگر یوتھ ونگ کے کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے صوبائی جنرل سیکرٹری یوتھ ونگ چوہدری کاشف نواز رندھاوا کی پارٹی خدمات اور کاوشوں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد مسلم لیگ ( ن ) کا مضبوط قلعہ ہے اس شہرسے شروع ہونے والی رکنیت سازی مہم ملک بھر میں انقلاب برپا کر دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری کاشف نواز رندھاوا قائد میاں محمد نواز شریف کے سپاہی ہیں جنہوں نے ہمیشہ لازوال قربانیاں دی ہیں قائدین ان کی قربانیوں کے معترف ہیں ۔

انہوں نے کارکنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کا پیغام گھر گھر پہچانے کے لئے نوجوانوں کو آزادی پاکستان کے جذبے کی طرح کام کرنا ہو گا ۔عرفان صدیقی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن ) کا ایجنڈا ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی بے لوث خدمت ہے۔ مسلم لیگ کے سیاسی مخالفین نے دھرنوں اور لاک ڈائون کی منفی سیاست کے ذریعے ملک کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے اور محض ذاتی مفادات کی خاطر ملک کا بے پناہ نقصان کیا ہے۔

ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں کو آئندہ الیکشن میں عوام مسترد کردیں گے۔ مسلم لیگ کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ نواز شریف محض ایک فرد کا نام نہیںبلکہ ایک نظریے اور فلسفے کا نام ہے جس کی بنیادیں پاکستانی عوام کی خدمت ، آئین کی سربلندی اور ووٹ کی حرمت پر استوار ہیں۔محمدنواز شریف جیسے عظیم لیڈر اپنی جماعت اور اپنی عوام کی رہنمائی کیلئے کسی روایتی عہدے اور منصب کے مرہون منت نہیں ہیں۔

اس فیصلے کے باوجودمحمد نوازشریف کی جماعت ان کی رہنمائی میں ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے طور پر زندہ ہے اور زندہ رہے گی ہم قانون کی بالادستی اورعدلیہ کی غیر جانبداری پر یقین رکھتے ہیں۔ وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ محمد نواز شریف نے اقتدار میں ملک و قوم اور اداروں کی توقیر میں اضافہ کیا ہے ،ان کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے ملک سے دہشت گردی ‘ لوڈشیڈنگ سمیت دیگر بحرانوں کا خاتمہ کیا ۔

صنعتی ترقی اور معیشت کی مضبوطی کا کریڈٹ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں کو اپنے عزائم میں ناکامی ہوئی ہے۔جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست کرنیوالے نام نہاد لیڈرکبھی پاکستان کی خدمت نہیں کرسکتے۔ نیا پاکستان بنانے کا خواب دیکھنے والوں نے دن رات جھوٹ بولا اور الزام تراشی کی۔

انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے عوام کی بے لوث خدمت کی اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا۔پاکستان کے عوام آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹوں سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ عوام نے ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کرنا ہے کہ کس نے عوام کی خدمت کی اورکس نے قوم کا وقت برباد کیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی بے لوث خدمت کرتی رہے گی۔

محروم معیشت طبقات کے معیار زندگی میں بہتری لانے کامشن پوار اکریں گے۔ چوہدری کاشف نواز رندھاوا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف نے مجھے ذمہ داریاں دی ہیں اسے نبھانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرونگا ۔ ۔تقریب سے یوتھ ونگ کے دیکر عہدیداروں اور کارکنوں نے بھی خطاب کیا اور آئندہ الیکشن میںمسلم لیگ ( ن ) کو چار صوبوںسمیت مرکز میںکامیاب کرنے کا عہد کیا ۔