مقبوضہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ، ایک فلسطینی شہید،500مظاہرین زخمی

مظاہرین پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور آنسو گیس بھی استعمال،صیہونی فوج کا عمل غیرقانونی ہے،حقوق انسانی تنظیم

ہفتہ 14 اپریل 2018 12:10

مقبوضہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ، ایک فلسطینی شہید،500مظاہرین ..
مقبوضہ غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2018ء) غزہ میں طبی حکام نے کہاہے کہ اسرائیل اور غزہ پٹی کی سرحد کے قریب احتجاج کرنے والے فلسطینی مظاہرین کے خلاف اسرائیلی فوج کی کارروائی میں ایک فلسطینی شہید 500سے زائد زخمی ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ میں وزارت صحت نے بتایا کہ احتجاج کرنے والے فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ بھی کی اور آنسو گیس بھی استعمال کی۔

ان مظاہروں کے منتظمین نے احتجاج کے دوران اسرائیلی پرچموں کو نذر آتش کرنے اور فلسطینی جھنڈے لہرانے کا اعلان بھی کیا ۔ ان مظاہروں کے دوران احتجاج کرنے والے فلسطینی سرحدی باڑ سے کئی سو میٹر کے فاصلے پر خیموں سے بنائے گئے پانچ کیمپوں میں جمع ہوئے ۔ انہی میں سے کچھ افراد چھوٹے چھوٹے گروپوں میں تقسیم ہو کر باڑ کے قریب پہنچ گئے اور وہاں انہوں نے اسرائیلی پرچم نذر آتش کیے۔

(جاری ہے)

انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا تھا کہ احتجاجی فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کا یوں براہ راست فائرنگ کرنا غیر قانونی ہے کیونکہ اس طرح فوجی نہتے مظاہرین پر ممکنہ طور پر ہلاکت خیز طاقت کا استعمال کر سکتے ہیں۔ تاہم اسرائیل کا اس بارے میں موقف یہ ہے کہ سکیورٹی دستوں کے ماہر نشانہ باز صرف ایسے افراد کو نشانہ بناتے ہیں، جو مظاہرین کو اشتعال دلاتے ہوئے پرتشدد کارروائیوں کی ترغیب دیتے ہیں۔