خطاطی عظیم اسلامی میراث ہے ، کاتبین وحی سے شروع ہونے والا یہ فن اب بھی ترقی کی منازل طے کررہا ہے

وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی کا خطاطی کی نمائش کے موقع پر خطاب

جمعہ 13 اپریل 2018 19:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2018ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ خطاطی عظیم اسلامی میراث کا درجہ رکھتی ہے جس کا آغاز نزول قرآن کے ساتھ ہوا۔صحابہ کرام اس فن کے اولین معمار تھے۔ کاتبین وحی سے اس فن کا سلسلہ شروع ہواجو چودہ سو سال کا طویل عرصہ گذر جانے کے بعد بھی نہ صرف پوری آب و تاب سے تابندہ و درخشاں ہے بلکہ مسلسل ترقی کی منازل طے کررہا ہے۔

سیریناہوٹل کے اشتراک سے ’صوفی عبدالمجید پرویں رقم خطاطی ‘کی دو روزہ نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس فن کے تحفظ اور فروغ کے لیئے منظم کوششیں کی جارہی ہیں۔ یہ اس سلسلے کی چوتھی نمائش ہے۔اس فن کی ترویج کے لئے ادارہ فروغِ قومی زبان کے تحت شعبہ خطاطی قائم کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عرفان صدیقی نے کہا کہ علمی و ادبی اور تہذیبی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیئے پچاس کروڑ روپے کی خطیر رقم سے ایک خصوصی فنڈ قائم کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان خطاطوں کی حوصلہ افزائی کے لیئے ایک جامع پروگرام وضع کیا گیا ہے۔قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے وفاقی سیکرٹری انجینئر عامر حسن اور نمائش میں اشتراک فراہم کرنے والے سیرینا ہوٹل کے جنرل مینجر فیصل قیوم نے بھی اس موقع پرخطاب کیا۔ مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی نے مولانا مجاہد الحسینی، اصغر علی نقاش،حافظ انجم محمود، فیصل قیوم اور نثار احمد کو شیلڈز دیں۔ نمائش میں 80 سے زائد فن پارے رکھے گئے ہیں ۔نمائش آج سہ پہر تک جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :