سپریم کورٹ نے تارکین وطن پاکستانیوں کو شناختی کارڈز کے اجراء پر زائد فیس وصول کرنے کے حوالے سے از خود نوٹس کیس نمٹا دیا

جمعرات 12 اپریل 2018 23:57

سپریم کورٹ  نے تارکین وطن پاکستانیوں کو شناختی کارڈز کے اجراء پر زائد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2018ء) سپریم کورٹ نے تارکین وطن پاکستانیوں کو شناختی کارڈز کے اجراء پر زائد فیس وصول کرنے کے حوالے سے از خود نوٹس کیس نمٹا دیا اور نادرا سے بیرون ملک قائم نادرا دفاتر کے بارے میں وضاحت طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی ہے ۔جمعرات کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پرچیئرمین نادرا نے پیش ہوکرعدالت کو بتایا کہ بیرون ملک قائم نادرا کے 4دفاتر پر بہت اخراجات اٹھ رہے ہیں ، ان دفاتر پر221 ملین روپے خرچ ہوتے ہیں جس چیف جسٹس نے کہا کہ جب سب کچھ آن لائن ہے تو پھر بھی اتنے پیسے کیسے خرچ ہوتے ہیں، ہمیں بتایا جائے کہ اب تک بیرون ملک قائم نادرا سینٹرز سے کتنے لوگوں نے کارڈز بنوائے ہیں اور اس ضمن میں حکومت نے نادرا کے کتنے پیسے دینے ہیں جس پر چیئرمین نادرا نے بتایاکہ حکومت کی جانب سے نادرا کو 2017ء تک 26 ارب روپے ادا کرنے ہیں ، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگرحکومت آپ کواپنا پیسہ نہیں دے گی تو ادارہ کس طرح چلے گا ، اگرادارے کے پاس پیسہ نہیں ہو گا تو نادرا کا حال بھی پی آئی اے جیسا ہوجائے گا بعد از عدالت نے نادرا سے بیرون ملک دیگر سینٹرزکے اخراجات کی تفصیلات طلب کرلی اورکہاکہ ہمیں بتایا جائے کہ بیرون ملک نادرا کے دیگرمراکز کے برقراررکھنے کی کیا ضرورت ہے ، جس پرچیئرمین نادرا نے کہا کہ حکومت سے اس معاملے پر ہدایات لینا ہوں گی ،بعدازاں عدالت نے نائیکوپ کارڈز سے متعلق از خود نوٹس نمٹا دیا اور نادرا کے بیرون ملک قائم سینٹرز کے بارے میں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی، درین آثناء اسی بنچ نے ایئر پورٹس پر مسافروں کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق از خود نوٹس کیس بھی نمٹا دیا ۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران ائیر پورٹ حکام عدالت میں پیش ہوئے تو چیف جسٹس نے ان سے کہا کہ ایئر پورٹس پر مسافروں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے جب کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے تو از خود نوٹس کیس نمٹا دیا جاتاہے۔

متعلقہ عنوان :