سپریم کورٹ میں میڈیا کمیشن کی سفارشات پرعملدرآمد کے حوالے سے کیس کی سماعت ملتوی

چیئرمین پیمرا کی تعیناتی کا طریقہ کار میرٹ کے مطابق وضع کرنے کی ہدایت

جمعرات 12 اپریل 2018 23:57

سپریم کورٹ میں میڈیا کمیشن کی سفارشات پرعملدرآمد کے حوالے سے کیس کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2018ء) سپریم کورٹ نے میڈیا کمیشن کی سفارشات پرعملدرآمد کے حوالے سے کیس میں چیئرمین پیمرا کی تعیناتی کا طریقہ کار میرٹ کے مطابق وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی ہے اورکہاہے کہ عدالت چاہتی ہے کہ پیمرا آزاد ہو لیکن سمجھ نہیں آتی کہ میڈیا کمیشن کی تجاویز کے معاملے کے ساتھ ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ کا کیا کام ہے۔

جمعرات کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے وزیر اعظم کے پرنسپیل سیکرٹری فواد حسن فواد سے کہا کہ ہم چاہتے ہی کہ پیمرا آزاد ہو ، لیکن یہ سمجھ نہیں آتی کہ میڈیا کمیشن کی تجاویز کے معاملے کے ساتھ ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ کا کیا کام ہوسکتا ہے، جس پرپرنسپل سیکرٹری نے عدالت کو بتایا کہ عدالت نے پہلے سکیننگ کمیٹی میں میڈیا کے افراد کو شامل کرنے کی بات کی تھی ،اگر آپ سرچ کمیٹی کی بات کررہے ہیں تو ان کا بھی جائزہ لے لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے ان سے کہا کہ یہاں ایک سابق چیئرمین ایف بی آر معین صاحب آئے تھے ، ان جیسے اہل لوگوں کو کمیٹی میں شامل کیا جائے تواچھے نتائج آسکتے ہیں ، فواد حسن فواد نے کہا کہ سرچ کمیٹی نے درخواستیں دائر کرنے والوں کی اہلیت کو چانچنا ہوتا ہے، سماعت کے دوران اسد کھرل نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین پیمرا کے لئے ماسٹر ڈگری کی شرط اچھی بات ہے جس پرعمل کیا جانا چاہیے ، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ چیئرمین ایسے شخص کوبنایا جائے جو حقدار ہو، جس پرفواد حسن فواد نے بتایا کہ چیئرمین پیمرا کے لئے عمر کی حد 61سال ہے، وزیر اطلاعات کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی چیئرمین کی تعیناتی کے لئے مارکنگ کرے گی جس کے بعد چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ انتظامی معاملہ ہے ہم اس میں مداخلت نہیں کریں گے ہوسکتا ہے کہ آپ کو اشتہار دوبارہ دینا پڑ جائے، اسد کھرل نے کہا کہ ابصار عالم کو نوازنے کے لئے تعلیم کی شرط ایم اے سے کم کرکے بی اے کردی گئی تھی جبکہ کسی صحافی کو سرکاری عہدہ لیتے ہوئے شرم آنی چاہئے، جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ان سے کہا کہ عدالت میں ایسی باتیں نہ کی جائیں۔

بعدازاں چیف جسٹس نے میرٹ پر چیئرمین پیمرا کی تعیناتی کرنے کا طریقہ کار وضع کر نے کی ہدایت کرتے ہوئے مزیدسماعت آئندہ پیر تک ملتوی کردی۔