وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق سے ایران کے وزیر ٹرانسپورٹ عباس آخوندی کی قیادت میں وفد کی ملاقات

ایران نے گوادر اور چاہ بہار کی بندرگاہوں کو ریل لنک سے ملانے کی تجویز پیش کر دی، ملاقات میں وفاقی وزیر میری ٹائم میر حاصل بزنجو، پاکستان ریلویز اور ایرانی نیشنل ریل کمپنی کے حکام کی شرکت

جمعرات 12 اپریل 2018 23:54

وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق سے ایران کے وزیر ٹرانسپورٹ عباس آخوندی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2018ء) ایران کے وزیر ٹرانسپورٹ عباس آخوندی کی قیادت میں وفد نے وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق سے ملاقات کی۔ ایران نے گوادر اور چاہ بہار کی بندرگاہوں کو ریل لنک سے ملانے کی تجویز پیش کر دی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر میری ٹائم میر حاصل بزنجو، پاکستان ریلویز اور ایرانی نیشنل ریل کمپنی کے حکام نے بھی شرکت کی۔

ملاقات میں پاک ایران ریل تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ 1959ء کے معاہدے کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ ملاقات میں ای سی او ٹرین، پاک ایران پسنجر ٹرین، ٹوریسٹ ٹرین اور محرم الحرام میں زائرین کی سپیشل ٹرین کی تجاویز پر ابتدائی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ خواجہ سعد رفیق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کوئٹہ تفتان ٹریک کی بہتری کے لئے ایرانی کمپنیوں کو بی او ٹی کی بنیاد پر معاہدے کی پیشکش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم چاہتے ہیں کہ کوئٹہ تافتان کا ریل سے سفر بیس کی بجائے 8 گھنٹوں میں طے ہو۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے پاک ایران ریل ریلیشن شپ پر جوائنٹ گروپ کی تجویز دی اور سیکرٹری ریلوے بورڈ زبیر شفیع فوری توکل پرسن مقرر کیا۔ جوائنٹ ورکنگ گروپ ایم ایل تھری کی امپروومنٹ اور ریل کے ذریعے تجارت کے فوائد کو سٹڈی کرے گا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے ریل کے سربراہوں کی پہلے دو طرفہ اور پھر ترکی کے ساتھ سہ طرفہ باقاعدہ اجلاس ہونے چاہئیں۔ پاکستان اور ایران کے درمیان حکومتوں کے نہیں قوم کے قوم سے رشتے اور تعلق ہیں۔ ہمارے قریب آنے کی رفتار اتنی نہیں جتنی ہونی چاہئے تھی۔