واقعہ معراج کا تعلق ایمان،ایقان اور وجدان سے ہی:ڈاکٹر طاہر القادری

معراج النبی ﷺ وہ عظیم معجزہ ہے جس کی تصدیق قرآن حکیم بھی کرتا ہے، معراج میں حضور اکرم ﷺ کو قیامت تک ہونیوالے تمام واقعات کا علم عطا ہوا

جمعرات 12 اپریل 2018 23:54

واقعہ معراج کا تعلق ایمان،ایقان اور وجدان سے ہی:ڈاکٹر طاہر القادری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اپریل2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے معراج النبی ﷺ کے مقدس و مبارک موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ معراج کی رات اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب پیغمبر حضرت محمد مصطفی ﷺ کو اپنی قدرت کاملہ کا مشاہدہ کروایا۔معراج میں حضور اکرم ﷺ کو قیامت تک ہونیوالے تمام واقعات کا علم عطا ہوا۔

معراج النبی ﷺ وہ عظیم معجزہ ہے جس کی تصدیق قرآن حکیم بھی کرتا ہے۔معجزات رسول اکرم ﷺ کے باب میں خود قرآن بھی حضور ﷺ کا ایک دائمی اور ابدی معجزہ ہے۔واقعہ معراج اللہ تعالیٰ کی قدرت کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے۔معجزات اللہ رب العزت کی قدرت کاملہ کا پرتو ہوتے ہیں۔معجزہ کی حقیقت سے انکار کرنے والے ابو جہل اور تصدیق کرنے والے سیدنا ابوبکر صدیق ؓ کے لقب سے جانے گئے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے پیغام میں کہا کہ معجزات سے اللہ کریم اپنے بندوں کو صراط مستقیم دکھاتا ہے، اللہ نے امت مسلمہ کی قوت ایمانی کی آزمائش اور انبیاء کے دعویٰ نبوت کی صداقت کے لیے انہیں معجزات سے نوازا۔ واقعہ معراج کا تعلق ایمان،ایقان اور وجدان سے ہے۔انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ذات اقدس بھی دلیل توحید ہونے کی وجہ سے ایک زندہ معجزہ ہے۔پنجگانہ نماز امت مسلمہ کیلئے سفر معراج کا عظیم تحفہ ہے،امت مسلمہ اس تحفے کو سینے سے لگا کر رکھے۔حضور اکرم ﷺ کے سفر معراج سے کائنات کو علم و سائنس کے نئے راستے ملے مگر بد قسمتی سے امت محمدی جس پر پہلا حرف ’’اقراء‘‘ کا نازل ہوا وہ آج جہالت وانتہا پسندی، کم علمی کے اندھیروں میں غرق ہے۔