چیف ایگزیکٹو لیسکو کی 11کے وی کنسٹرینٹس کورمضا ن المبارک سے قبل ختم کرنے کی ہدایت

جمعرات 12 اپریل 2018 22:32

لاہور۔12 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2018ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کے سسٹم کو درپیش رکاوٹوں کے مکمل خاتمے کے لئے وار روم کے نام سے قائم مانیٹرنگ سیل کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا جس میں اب تک کی کارکردگی کے جائزے کے ساتھ ساتھ متعلقہ افسران کو آئندہ کا ہدف اور تکمیل کی مقررہ تاریخ سے بھی آگاہ کیا گیا۔

لیسکو ترجمان کے اعلامیہ کے مطابق چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ اور جی ایم ٹیکنیکل خالد سعید اختر کی سربراہی میں ہونے والے اس اجلاس میںچیف انجینئرپی ایم یو ممتاز خان، شاہدمحمود منیجر مٹیریل مینجمنٹ، پی ڈی کنسٹرکشن احمد فواد، پی ڈی جی ایس سی رفعت محبوب ، ایڈیشنل منیجرپی اینڈڈی سلمان مجید بٹ سمیت تمام سرکلز کے ڈی ڈی ٹیکنیکل موجود تھے اس موقع پر پی ڈی کنسٹرکشن احمد فواد نے جی ایم ٹیکنیکل خالد سعید کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ11kvکے کل 90فیڈروں میں سی75 ایسے فیڈروں پر کام مکمل کرلیاگیا ہے جو اوور لوڈڈ تھے اور جن کے باعث صارفین کو بارہا مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا جبکہ بقایا 15کنسٹرینٹس پر کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ ایل ٹی کی کل 1479میں سے 872تکنیکی خرابیاں بھی دور کردی گئی ہیں جبکہ بقایا 607پر بھی بتدریج کام مکمل کیا جارہا ہے۔۔اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر رفعت محبوب نے 132kvسسٹم پر موجود کنسٹرینٹس پر جاری کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر رفعت محبوب نے بتایا کہ فروٹ مارکیٹ گرڈ اسٹیشن پر کام ٹیسٹینگ کے آخری مراحل میں ہے جس پر چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے پی ڈی جی ایس سی کو 15دن کے اندر کام مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔

اس کے ساتھ ساتھ چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے چیف انجنئیر ممتاز خان کو بھی ہدایت جاری کی کہ دو روز کے اندر نئی پالیسی کے مطابق پی ایم یو پروکیورمنٹ پلان پر نظر ثانی کرکے منظوری کے لئے جمع کروایاجائے۔ جی ایم ٹیکنیکل خالد سعید اختر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کنسٹرینٹس کے خاتمے کے لئے جاری کام میں تیزی لائی جائے تاکہ رمضان المبارک سے قبل سسٹم کو تمام تکنیکی خرابیوں سے پاک کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن اویس احمد خان لغاری کی ہدایت پر وار روم کے نام سے بننے والے مانیٹرنگ سیل کے لئے سلمان مجید ایڈیشنل منیجرپی اینڈ ڈی کو لیسکو کی جانب سے فوکل پرسن تعینات کیا گیا ہے۔اس مانیٹرنگ سیل کی پروگریس کا روزانہ کی بنیاد پر رئیل ٹائم چیکنگ کے ذریعے و فاقی وزیر برائے پاور ڈویژن اور چیف ایگزیکٹو لیسکومجاہد پرویز چٹھہ خود جائزہ لے رہے ہیں۔اس وار روم کے قیام کا مقصد ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو درپیش تمام چھوٹی اور بڑی رکاوٹوں کا مکمل طور پر ازالہ کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :