نیازی کے جھوٹے دعوئوں کی اصلیت دیکھنی ہے تو عوام سونامی کے شکار کے پی کو ضرور دیکھیں،سینیٹر بہرہ مند تنگی

نیازی حکومت نے صوبے کو پونے تین کھر ب روپے کا مقروض کر دیا ہے، گرین پشاور کے نام پر اربوں روپے لوٹے گئے ہیں،رہنما پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا

جمعرات 12 اپریل 2018 22:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے رہنما سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا ہے کہ نیازی کے جھوٹے دعوئوں کی اصلیت دیکھنی ہے تو پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے عوام سونامی کے شکار کے پی کو ضرور دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ نیازی نے پختونخوا کو لوٹنے کے سوا اور کوئی کام نہیں کیا۔ نیازی حکومت نے صوبے کو پونے تین کھر ب روپے کا مقروض کر دیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے میڈیا آفس اسلام آباد میں اخبار نویسوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینیٹر نے نیازی سے سوال کیا کہ صوبے میں نہ کوئی بڑی سڑک بنی، نہ کالج اور نہ ہی ہسپتال ، پیسہ کہاں گیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف پشاور شہر کی 92یونین کونسلوں میں سے 36 یونین کونسلوں میں پینے کا پانی میسر نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ہسپتالوں میں ادویات اور اسکولوں میں اساتذہ نہیںہیں۔

گرین پشاور کے نام پر اربوں روپے لوٹے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کینسر ہسپتال نیازی کے ذاتی کاروبار کا حصہ ہے اس لئے نیازی کا یہ دعویٰ قطعی غلط ہے کہ پختونخوا میں ترقی ہوئی ہے۔ سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ صوبے میں تباہ کن بارشوں سے ہلاکتیں ہوئیں اور عوام کا مالی نقصان ہوا مگر نیازی صاحب عوام سے ہمدردی کرنے نہیں آئے۔ ڈینگی سے لوگ مرتے رہے مگر نیازی سیرو تفریح کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ کے پی کے عوام کا پیسہ عمران نیازی کے جلسوں پر خرچ ہو رہا ہے۔