شہباز شریف پنجاب کا کوئی ایک منصوبہ کرپشن سے پاک ثابت کر دیں سیاست چھوڑ دونگا‘محمود الرشید

اب اقتدار جاتا اور اڈیالہ سے فاصلہ کم ہوتا دیکھ کر شریف برادران انقلاب، تبدیلی اور خوشحالی کی باتیں کرنے لگے کرپشن، لوٹ مار کے بعد اب گمراہی پھیلانے والے جعلی حکمران بھول جائیں کہ عوام انکے دھوکہ میں آئیں گے‘میڈیا سے گفتگو

جمعرات 12 اپریل 2018 20:36

شہباز شریف پنجاب کا کوئی ایک منصوبہ کرپشن سے پاک ثابت کر دیں سیاست چھوڑ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2018ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا کہ عمران خان کی پختونخوا میں تبدیلی کی بات جھوٹ ثابت ہو یا شہباز شریف پنجاب کا کوئی ایک منصوبہ کرپشن سے پاک ثابت کر دیں سیاست چھوڑ دونگا،بہروپیا چھوٹا ہو یا بڑا انقلاب دونوں ہی نہیں لا سکتے، اپنے دور اقتدار میں عوام کو بنیادی انسانی ضرورتوں سے محروم رکھنے والے کیا انقلاب لائیں گے، جب وقت تھا تب وسائل اپنی ذات اور سڑکوں پلوں پر خرچ کر دیئے اب اقتدار جاتا اور اڈیالہ سے فاصلہ کم ہوتا دیکھ کر شریف برادران انقلاب، تبدیلی اور خوشحالی کی باتیں کرنے لگے، کرپشن، لوٹ مار کے بعد اب گمراہی پھیلانے والے جعلی حکمران بھول جائیں کہ عوام انکے دھوکہ میں آئیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میاں محمود الر شید نے کہا کہ شریف برادران اقتدار میں آئیں تو عوام سے آنکھیں پلٹ لیتے ہیں، مشکل وقت آئے تو عوام اور جمہوریت کا راگ الاپنے لگتے ہیں یہ سیاستدان نہیں بہروپیے ہیں اور کوئی بہروپیا انقلاب لا سکتا اور نہ ہی ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جھوٹ بولنے کے ماہر ہیں، پشاور میں تبدیلی آئی ہے یا نہیں اسکا فیصلہ پختونحوا کے عوام نے تو کرنا ہی ہے لیکن میں انہیں دعوت دیتا ہوں کہ وہ پنجاب کا ایک وفد بھیجیں، جس میں ڈاکٹر، انجینئر، ماہرین تعلیم، معاشیات اور اراکین اسمبلی شامل ہوں۔ انہیں ہم دکھائیں گے کہ تبدیلی کسے کہتے ہیں چیلنج کرتا ہوں عمران خان کی خیبر پختونخواء میں تبدیلی کی بات جھوٹی ہوئی تو سیاست سے کنارا کشی اختیار کر لوں گا۔

ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ کرائم ہو، بچوں اور خواتین کیخلاف جرائم، کرپشن یا مالی بے ضابطگیاں ہوں، پنجاب خرابیوں کے اعتبار سے پہلے نمبر پر ہے۔ اس پر بھی شہباز شریف کو چیلنج کرتا ہوں وہ کسی ایک منصوبے کو کرپشن سے پاک ثابت کر دیں پھر بھی سیاست چھوڑ دونگا۔