وزیر اعظم کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

سوئی سدرن کو آر ایل این جیII- پائپ لائن منصوبہ سے ایل پی جی ایئر مکس منصوبہ جات کیلئے 14.8 ارب روپے کی رقم ازسرنو مختص کرنے کی تجویز منظور ، کمپنی کو ملک کے ہر ضلع میں ایئر مکس پلانٹس کے قیام کو وسعت دینے کی ہدایت

جمعرات 12 اپریل 2018 15:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2018ء) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) کو 14.8 ارب روپے کی رقم آر ایل این جیII- پائپ لائن منصوبہ سے ایل پی جی ایئر مکس منصوبہ جات کیلئے ازسرنو مختص کرنے کی تجویز منظور کر لی جبکہ کمپنی کو ملک کے ہر ضلع میں ایئر مکس پلانٹس کے قیام کو وسعت دینے کی ہدایت کی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت جمعرات کو وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ ای سی سی نے 14.8 ارب روپے کی رقم آر ایل این جیII- پائپ لائن منصوبہ سے ایل پی جی ایئر مکس منصوبہ جات کیلئے ازسرنو مختص کرنے کیلئے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کو اجازت دینے کی تجویز منظور کر لی تاکہ ان منصوبہ جات کو تیزی سے مکمل کیا جا سکے اور گھریلو، صنعتی و دیگر صارفین کو بلاتعطل گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

ای سی سی نے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کو ہدایت کی کہ ملک کے ہر ضلع میں ایئر مکس پلانٹس کے قیام کو وسعت دی جائے۔ ای سی سی نے کاندرہ ڈویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز میں چار سالہ توسیع دینے کی تجویز بھی منظور کر لی۔ یہ فیصلہ مختلف رکاوٹوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا گیا جو کاندرہ گیس فیلڈ سے بازیاب کئے جانے والے ذخائر کی پیداوار اور میسرز پاکستان ایکسپلوریشن پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذیلی ادارہ میسرز کاندرہ پاور کمپنی لمیٹڈ کی طرف سے 120 میگاواٹ پاور پلانٹ کے قیام کی راہ میں حائل ہیں۔

ای سی سی نے صنعتی شعبہ کیلئے بجلی کی سبسڈی کے معاملہ اور صنعتی سبسڈی پیکیج کلیمز کی ادائیگی کے معاملات پر بھی غور کیا اور پیکیج کے اثرات اور پائیداری کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔ وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے پاکستان مشین ٹول فیکٹری کو اس کے ریٹائرڈ ملازمین کو ادا کئے جانے والے واجبات کی ادائیگی کیلئے یک وقتی گرانٹ کی منظوری کی درخوست پر بھی غور کیا۔ ای سی سی نے پہلی قسط کے طور پر 30 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دے دی۔

متعلقہ عنوان :