سرگودھا ،ْنوعمر لڑکوں سے زیادتی کی ویڈیوز بنانے والے 6 بااثر ملزمان گرفتار

بچوں کے والدین نے بااثر ملزمان کے خلا ف کھلے عام کارروائی سے انکار کر دیا

جمعرات 12 اپریل 2018 15:00

سرگودھا ،ْنوعمر لڑکوں سے زیادتی کی ویڈیوز بنانے والے 6 بااثر ملزمان ..
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2018ء) صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں نوعمر لڑکوں سے اسلحے کے زور پر زیادتی کی ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر اًپ لوڈ کرنے والے 6 با اثر ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔تھانہ جھال چکیاں پولیس کے مطابق نواحی علاقے لک موڑ کے رہائشی ظہیر، عامر، جہانگیر، تنویر اور رحمت خان سمیت 6 ملزمان اسلحے کے زور پر نوعمر لڑکوں سے زیادتی کی ویڈیو بناتے اور بعد میں سوشل میڈیا پر اًپ لوڈ کر دیتے تھے۔

پولیس نے ملزمان کے خلا ف علاقے کے زمیندار محمد سلیمان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔مقدمے کے مدعی نے بتایا کہ وہ اپنے گاؤں کی ایک فون شاپ پر موجود تھا ،ْجہاں پر لڑکوں سے زیادتی کی ویڈیوز کی سی ڈی تیار کرکے انہیں سوشل میڈیا پر پھیلایا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے جس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان سے 13 نوعمر لڑکوں سے زیادتی اور بدفعلی کی ویڈیوز ملی ہیں۔جن بچوں کے ساتھ بدفعلی کا انکشاف ہوا ہے، ان بچوں اور ان کے والدین نے بااثر ملزمان کے خلا ف کھلے عام کارروائی سے انکار کر دیا ہے، تاہم پولیس افسران کی جانب سے تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کے بعد شناخت خفیہ رکھنیکی شرط پر بعض لڑکوں کے اہلخانہ نے پولیس کو بیانات قلمند کرا دیئے ہیں۔دوسری جانب کیس کے مدعی محمد سلیمان نے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ با اثر ملزمان کے ڈر سے اہلخانہ کھل کر سامنے نہیں آرہے۔