واجد ضیاء جے آئی ٹی کے چیئر مین ہیں ملک کے مالک نہیں!

جے آئی ٹی کی تفتیشی ٹیم میں شامل40 لوگوں کو سامنے لایا جائے ‘جھوٹ قوم کے سامنے آرہا ہے-نوازشریف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 12 اپریل 2018 13:48

واجد ضیاء جے آئی ٹی کے چیئر مین ہیں ملک کے مالک نہیں!
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 اپریل۔2018ء) سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے جے آئی ٹی کی تفتیشی ٹیم میں شامل40 لوگوں کو سامنے لایا جائے جنہوں نے جے آئی ٹی رپورٹ بنائی، واجد ضیا جے آئی ٹی کے سربراہ ہیں ملک کے مالک نہیں، وہ کیوں نہیں بتاتے کہ یہ نامعلوم افراد کون ہیں۔ احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ فراڈ مقدمے کے حقائق سامنے آرہے ہیں۔

واجد ضیاءسے پوچھا جاتا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ بنانے کیلئے 40 لوگ کہاں سے آئے تھے؟ تو وہ معذرت کرلیتے ہیں۔نوازشریف نے کہا کہ کون سے نامعلوم افراد تھے جنہوں نے یہ کردارادا کیا؟انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ جھوٹ قوم کے سامنے آرہا ہے، سب جاننا چاہتے ہیں کہ اس ملک کی تقدیر کا فیصلہ کون کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کیس میں ہوئی ناانصافی پوری قوم کو نظر آرہی ہے‘ پارٹی چھوڑ کر جانیوالوں کے لئے میرے دل میں کوئی قدر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کورٹ میں مقدمے میں بدعنوانی کسی کو نظر نہیں آتی کیس میں ہونے والی ناانصافی پوری قوم کو نظر آرہی ہے مقدمے کے فراڈ حقائق سب کو نظر آرہے ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ جے آئی ٹی کے 30 تفتیش کنندگان اور عملے کے 10 افراد یہ کون سے نامعلوم افراد تھے جنہوں نے جے آئی ٹی کی تفتیش میں مدد کی ہے، کس محکمے سے آئے تھے، انہیں یہ کردار کیوں سونپا گیا، انہوں نے پس پردہ رہ کر کیس تیار کیا، نہ کسی نے ان افراد کی منظوری دی اور نہ ہی وہ منظر عام پر آئے، یہ کون سے بے نام لوگ تھے جنہوں نے نیب مقدمے میں کردار ادا کیا، سوچنا چاہیے کہ ملک کی قسمت کا کون فیصلہ کررہا ہے، یہ تکلیف دہ کہانی ہے جس کی کھوج لگانی چاہیے۔

چوہدری نثار سے متعلق سوالات کے باوجود نواز شریف نے ان کا کوئی جواب نہیں دیا۔