ڈینگی پر طعنے دینے والوں کو پشاور میں کچھ نہیں ملنے والا‘محمود الرشید

یورپی مثالیں دینے کی بجائے وزیراعلیٰ پنجاب کو پختونخوا میں اصلاحات سے سیکھنا چاہئے

بدھ 11 اپریل 2018 21:30

ڈینگی پر طعنے دینے والوں کو پشاور میں کچھ نہیں ملنے والا‘محمود الرشید
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2018ء) پنجاب اسمبلی میںاپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشیدنے وزیراعلیٰ شہباز شریف کے دورہ پشاور پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی پر طعنے دینے والوں کو پشاور میں کچھ نہیں ملنے والا، بہتر ہوتا شہباز شریف امیر مقام کے ہمراہ خیبر پختونحوا میں لگائے جانیوالے درختوں کی گنتی بھی کرتے، پاکستانی معاشرہ میں یورپی مثالیں دینے کی بجائے وزیراعلیٰ پنجاب کو پختونخوا میں اصلاحات سے سیکھنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی سڑکوں پلوں پر نہیں وسائل عوام پر خرچ کرنے سے آتی ہے، جنوبی پنجاب کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنے والوں نے نفرتیں پھیلائیں، شہباز شریف کو جنوبی پنجاب کے اراکین اسمبلی سے ملاقاتوں کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، شہباز شریف پنجاب کو پاکستان، لاہور کو پنجاب سمجھتے ہیں،وفاق کی سیاست ان سے میچ ہی نہیں کرتی،شہباز شریف کا خادم پاکستان بننے کاخواب پورا نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

میاں محموداالرشید نے کہا کہ شہباز شریف کے منہ سے خیبر پختونخوا حکومت پر تنقید اچھی نہیں لگتی، کے پی کے میں اصلاحات آئی، پیسہ عوام پر خرچ کیا گیا، پولیس، تعلیم، صحت سمیت مفاد عامہ کے منصوبوں کو ترجیح دی گئی، دوسری جانب پنجاب میں کرپشن ہو، لاقانونیت ہو یا خواتین اور بچوں کیخلاف جرائم، صوبہ پنجاب سر فہرست رہا، پنجاب میں مکمل اور جاری ہر منصوبے پر کرپشن کی گرد ہے،پورا صوبہ کمپنی طرز پر چلایا جا رہا ہے، خواتین سڑکوں پر بچوں کو جنم دے رہی ہیں، سرکاری ہسپتالوں کی حالت قابل رحم ہے، ایک ایک بیڈ پر دو ، دو مریض لیٹے ہیں، مریضوں کو فرش اور ویل چیئر پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

بجائے اسکے کہ شہباز شریف اصلاحات لاتے، نئے ہسپتال اور تعلیمی ادارے بناتے، روزگار کے مواقع پیدا کرتے الٹا تحریک انصاف پر بے جا تنقید کر رہے ہیں۔