ْ ہم ملین ٹری سونامی نامی مہم کے ذریعے ایک خوبصورت انقلاب لانا چاہتے ہیں، ڈاکٹر عارف علوی

بدھ 11 اپریل 2018 21:53

ْ ہم ملین ٹری سونامی نامی مہم کے ذریعے ایک خوبصورت انقلاب لانا چاہتے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر ورکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے آج گزری وارڈ نمبر چار اور ڈی ایچ اے فیز ایٹ میں کارنر میٹنگ کی۔ انہوں نے ٹکری کالونی میں فلٹر پلانٹ کا دورہ بھی کیا۔ اس کے بعد انہوں نے نجی ٹی وی کی ٹیم کے ساتھ پی ٹی آئی آفس کالا پل کا دورہ کیا۔ اس کے بعد کالا پل ریلوے کالونی میں ’’سستا تندور ‘‘کا دورہ کیا۔

اس کے بعد انہوں نے ایک عوامی اجتماع سے خطاب کیا اور وہاں پودے تقسیم کیے۔ ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے پورے سندھ بالخصوص کراچی کے ماحول کو پراگندہ کر رکھا ہے۔ یہاں کچرے کے ڈھیر ، گندگی اور غلاظت نے رہنے والوں کا جینا محال کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

ایسے میں ہم ملین ٹری سونامی نامی مہم کے ذریعے ایک خوبصورت انقلاب لانا چاہتے ہیں۔

ہم کراچی کے عوام کو پودوں کا تحفہ دے رہے ہیں تاکہ وہ ان پودوں کی آبیاری کرکے انہیں درخت بنائیں اور ماحول خوشگوار ہو۔ ہم سندھ اور بالخصوص کراچی کا ماحول خوشگوار اور پر فضا دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہاں کے لوگ بھی صحت مند زندگی گزاریں۔ پاکستان کے ہر شہری کی طرح سندھ میں رہنے والے شہریوں کا بھی حق ہے کہ وہ تازہ ہوا میں سانس لیں اور آلودگی سے پاک فضا ان کا مقدر بنے۔ اس موقعے پر ان کے ساتھ پی ٹی آئی کے ضلعی صدر مراد شیخ، پی ٹی آئی کراچی کی سینئر رہنما سعدیہ آغا اور افتخار فاروق بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :