Live Updates

دن رات جھوٹ بولنے والا اور الزام تراشی کی سیاست کرنے والا لیڈر کبھی پاکستان کی خدمت نہیں کر سکتا‘شہباز شریف

تحریک انصاف اور اس کے لیڈر عمران نیازی کی سیاست جھوٹ، الزام تراشی، انتشار ، دھرنے اور سول نا فرمانی کے گرد گھومتی ہے عمران نیاز ی نے دن رات جھوٹ بولا ، بہتان طرازی کی جبکہ ہم نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے ،2018ء کے انتخابات میں عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کرنا ہے کہ کس نے ان کی خدمت کی اور کس نے عوام کی ترقی کی مخالفت کی اگر 2018ء کے انتخابات میں عوام نے ہمیں خدمت کا موقع دیا تو پاکستان کو عظیم ملک بنانے کے لئے جان لڑا دیں گے پشاور کو لاہور اور کے پی کے کو پنجاب کی طرح ترقی دینے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا ، پشاور کی میٹرو5 ماہ میں مکمل کراؤں گا وزیر اعلی پنجاب کا پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب ،تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سراج خان کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کے پی کے کے عوام کو جب بھی کسی مشکل نے گھیرا تو شہباز شریف نے بھرپور مدد کی ‘انجینئر امیر مقام

بدھ 11 اپریل 2018 21:53

دن رات جھوٹ بولنے والا اور الزام تراشی کی سیاست کرنے والا لیڈر کبھی ..
پپشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ دن رات جھوٹ بولنے والا اور الزام تراشی کی سیاست کرنے ٹوالا لیڈرکبھی پاکستان کی خدمت نہیں کرسکتا او رایسا لیڈر مودی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بھی بات نہیں کرسکتا،تحریک انصاف اور اس کے لیڈر عمران نیازی کی سیاست جھوٹ ،الزام تراشی ، انتشار ، دھرنے ، لاک ڈائون اور سول نا فرمانی کے گرد گھومتی ہے،انہوںنے دن رات جھوٹ بولا ، الزام تراشی کی جبکہ ہم نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے،عمران نیازی کی بھڑکیں پشاور کے قصہ خوانی بازار کی طرح ایک قصہ بن چکی ہیں،الیکشن قریب ہے اور2018ء کے انتخابات میں عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کرنا ہے کہ کس نے عوام کی خدمت کی اورکس نے عوام کے ترقیاتی منصوبوں اورفلاحی پروگراموں میں رکاوٹیں کھڑی کیں،اگر2018ء کے انتخابات میں عوام نے ہمیں خدمت کا موقع دیا تو پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے جان لڑادیںگے اورپشاور کو لاہور اور کے پی کے پنجاب کی طرح ترقی دینے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا،پاکستان ہم سب کا ہے ،خیبر پختونخوا،سندھ،بلوچستان،آزاد کشمیر،گلگت بلتستان سے ملکرپاکستان بنتا ہے اورہمیں اسے ملکرعظیم ملک بنانا ہے اورقائد ؒواقبالؒ کے تصورات کے مطابق فلاحی مملکت میں ڈھالنا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار پشاور میں ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آج کے پی کے میں پہلی مرتبہ نہیں آیاماضی میں کئی مرتبہ ان خوبصورت علاقوں میں آتا رہا ہوں اوراپنے کے پی کے بزرگوں،بھائیوں کی محبت اورمیزبانی کا ہمیشہ لطف اٹھایا۔جب طالب علم تھا تو یہاں آکر خریداری کیا کرتے تھے ،کاروبار میں آئے تو پشاور کے تکے اورکباب کھانے آتے تھے ۔

جب سیاست میں آئے تو میاں محمدنوازشریف کے ساتھ کئی مرتبہ آنا ہوا اورآج میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدرکی حیثیت سے یہاں آیا ہوں اورپارٹی کا صدر منتخب ہونے کے بعد پنجاب سے باہر یہ میرا پہلا دورہ ہے اورمجھے فخر ہے کہ میں سب سے پہلے پشاور آیا ہوں ۔انجینئر امیر مقام نے کہاکہ شہبازشریف پشاور آپ کا دوسراگھر ہے ۔میں کہتا ہوں کہ نہیں پشاور میرا پہلا گھر ہے۔

جس طرح پنجاب اورلاہور میرا گھر ہے اسی طرح پشاور اور کے پی کے میرا پہلا گھر ہے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی صدارت میرے لئے بڑا چیلنج ہے،نوازشریف جو کل بھی ہمارے قائد تھے ،آج بھی ہیں اور کل بھی ہمارے قائد رہیںگے اورہم ان کی سرپرستی اورعوام کے تعاون سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو صحیح معنوں میں ملک کی مقبول ترین جماعت بنائیں گے۔

امانت،دیانت اورمحنت کو شعار بنا کر عوام کی خدمت کے ذریعے ملک کو صحیح معنوں میں قائدؒواقبالؒ کا پاکستان بنائیںگے۔انہوںنے کہا کہ لاہور سے پشاور تک موٹر وے بنائی گئی ہے اگر یہ موٹر وے نہ ہوتی تو جی ٹی روڈ پر لمبی قطاریں ہوتیں۔اب لاہور سے کراچی تک موٹر وے بن رہی ہے اوریہ محمد نوازشریف کا ویژن ہے۔نوازشریف وہی لیڈر ہیں جس نے امریکہ کی جانب سے پانچ ار ب ڈالر کی پیشکش کو شکریے کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے مقابلے میں چھ دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا۔

انہوںنے کہا کہ 2016ء میں اے پی ایس سکول پشاور کے معصوم بچوں اوراساتذہ نے اپنے خون سے تاریخ رقم کی ہے اوران کا خون رائیگا نہیں گیا ۔پاک افواج اورسکیورٹی اداروں کی عظیم قربانیوں سے دہشت گردی میں بڑی حد تک کمی آچکی ہے اوروہ وقت قریب ہے جب ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ آج میں پشاور میں ورکرزکنونشن کے لئے آرہا تھا تو میں نے جہاز میں ایک لمحے کے لئے اپنی آنکھیں بند کر کے تصور کیا کہ میں ایک ایسے صوبے میں جارہا ہوں جہاںپی ٹی آئی کے لیڈر نے نیا پاکستان اورتبدیلی کے دعوے کیے تھے۔

میں سوچ رہا تھا کہ ہر طرف ہریالی ہوگی،پشاور جو پھولوں کا شہر تھا وہاں ہر طرف پھول ہوںگے ،میٹروبس چل رہی ہوگی ،کالجوں اورسکولوں کے بچوں کو لیپ ٹاپ مل چکے ہوںگے،پنجاب کی طرح وہاں بھی تعلیمی فنڈ قائم ہوچکا ہوگا جس سے بے وسیلہ بچوں کو تعلیم کیلئے وظائف مل رہے ہوںگے۔میں سمجھا تھا کہ شاید لاہور کی طرح پشاور میں بھی ایئر کنڈیشنڈ بسیں چل رہی ہوں گی اورکے پی کے غیور عوام ان میں سفر کررہے ہوںگے۔

میں یہ بھی سوچ رہا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ وہ کے پی کے نہیں بلکہ پورے پاکستان میں بجلی مہیا کریں گے اوربجلی دیگر ممالک کو فروخت بھی کریں گے لیکن جب میرا جہاز پشاور میں اترا تو مجھے ایسا کچھ نظر نہ آیا بلکہ ہر طرف کھڈے نظر آئے ،وہی نیازی صاحب جنہوں نے ساڑھے چار سال قبل کہا تھا کہ لاہو ر میں میٹروکا منصوبہ کمیشن بنانے کیلئے لگایاگیا ہے اوراس پر70ارب روپے خرچ ہونے کا الزام بھی لگایا اس نے اسے جنگلہ بس کہا۔

ساڑھے چار سال گزرنے کے بعد نیازی صاحب نیند سے بیدار ہوئے تو انہیں پشاور میں میٹروبس لگانے کا خیال آیا تو اس کی حکومت نے اس منصوبے کے نام پر پشاورشہر کو اکھاڑ کر رکھ دیااورلوگوں کے لئے مسائل کھڑے کیے۔انہوںنے کہاکہ کے پی کے پاکستان کا ایک بہت خوبصورت صوبہ ہے یہاں برف پوش پہاڑ،میدان اورپانی ہے۔ہزاروں میگاواٹ پن بجلی پیدا کرنے کی عظیم نعمت بھی یہاں موجود ہے ۔

عمران نیازی نے پانچ سال قبل کہا تھا کہ وہ پانچ سالوں میں کے پی کے اور پورے پاکستان کیلئے بجلی پیدا کریںگے اور اندھیر ے ختم کردو ں گا۔چند ماہ پہلے خان صاحب نے کہا کہ انہوںنے 70 میگاواٹ بجلی کامنصوبہ لگایا ہے لیکن وفاقی حکومت یہ بجلی خرید نہیں رہی۔پہلے سے موجود 85میگاواٹ کا منصوبہ 2016ء خراب ہوا ہے اورآج تک بند ہے ۔نیازی صاحب کی حکومت نے اس منصوبے کو تو چالو نہ کیالیکن 70میگاواٹ کے منصوبے کے مکمل ہونے کا اعلان کیا پتہ نہیں کہ اس منصوبے کی بجلی چاند پر جارہی ہے ،مریخ پر یا کسی اورسیارے پر لیکن زمین پر تو اس بجلی کاوجود نہیں ۔

نیازی صاحب کی حکومت نے ایک کلو واٹ بجلی پیدا نہیں کی یہ کہیں تو ٹھیک ہوگا کہ انہوںنے منفی دس میگاواٹ بجلی پیدا کی ہے ۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے نوازشریف کی قیادت میں ہزاروں میگاواٹ بجلی کے منصوبے مکمل کیے ہیں ۔پاکستان اورپنجاب حکومت کے خزانے استعمال کرکے پانچ ہزار میگاوا ٹ بجلی کے منصوبے لگائے گئے ہیں جبکہ1200میگاواٹ کے ایک اورمنصوبے پر تیزرفتاری سے کام ہورہا ہے ۔

منصوبے تو پنجاب میں لگے ہیں لیکن اس کی بجلی پورے پاکستان کو جارہی ہے ۔یہی پاکستان کی شان ہے ،یہی آن ہے اوریہی قائدؒو اقبالؒ کا ویژن تھا ۔انہوںنے کہا کہ کے پی کے میں 70میگاواٹ بجلی کے منصوبے کے عمران نیازی کے دعوے نے ان کا اصل چہرہ بے نقاب کردیا ہے ۔ہمیں غلط بیانی نہیں آتی جبکہ نیازی صاحب دن رات جھوٹ بولتے ہیں ۔انہوںنے اپنے صوبے میں بڑا ہسپتال اورکوئی بڑاتعلیمی ادارہ نہیں بنایا۔

کے پی کے کے ہمارے ہزاروں بہن بھائی علاج کیلئے پنجاب کے ہسپتالوں میں آتے ہیں۔ہم سمجھتے ہیں کہ جس طرح کے پی کے ہماراگھرہے اسی طرح پنجاب آپ کا گھر ہے اور پنجاب کے ہسپتال آپ کے ہیں ۔ہم نے لاہور میں جنوبی ایشیاء کا سب سے بڑا گردے اورجگر کے امراض کا ہسپتال بنایا ہے جس کا نام ہم نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ اسی لئے رکھا ہے کہ یہ پورے پاکستان کا ہسپتال ہے ۔

اس ہسپتال میں بہت جلد گردے اورجگر کی ٹرانسپلانٹیشن ہوگی۔انہوںنے کہاکہ ملتان کے نشترہسپتال میں بلوچستان کے لوگ بھی علاج کیلئے آتے ہیں کیونکہ یہ ہسپتال صرف پنجاب کے نہیں بلکہ سب کے ہیں ۔عمران نیازی صاحب آپ پنجاب میں آکر دن رات غلط بیانی کرتے ہیں جو لیڈر جھوٹ بولے وہ عوام کی قیادت کا حق نہیں رکھتا۔خان صاحب نے لاہور کی میٹروبس کو جنگلہ بس کہا اور اس پر 70 ارب روپے خرچ ہونے کا الزام لگایا- جبکہ میں کئی بار وضاحت کر چکا ہو ںکہ اس منصوبے پر 30 ارب روپے خرچ ہوئے ہیں - عمران نیازی نے یہ بھی الزام لگایا کہ اس منصوبے میں اتفاق فاؤنڈری کا سریااستعمال ہوا ہے - حالانکہ اتفاق فاؤنڈری کو بند ہوئے پندرہ سال سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے - میں نے اس منصوبے کی شفافیت کے لئے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل سے اس کا حساب کرایا ہے - نیازی صاحب جھوٹ بولتے ہیں ، الزامات لگاتے ہیں لیکن عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں اور نہ ہی ثبوت دیتے ہیں -سنا ہے کہ پشاور کا میٹرومنصوبہ 71 ارب روپے میں لگ رہا ہے - پنجاب میں لاہور کا میٹرومنصوبہ 30 ارب روپے میں مکمل ہوا ہے تو خان صاحب بتائیں کہ باقی 40 ارب روپے کس کھاتے میں ہیں - انہوںنے کہا کہ پشاور میٹروبس کا منصوبہ ابھی 30 فیصد مکمل ہوا ہے اگر 2018 ء کے الیکشن میں عوام نے مسلم لیگ( ن) کو موقع دیا تو وعدہ کرتا ہوں کہ خود کھڑا ہو کر اس منصوبے کو پانچ ماہ میں مکمل کراؤں گا- انہوںنے کہا کہ ہم نے خیر سگالی کے جذبے کے تحت مشکل کی گھڑی میں کے پی کے کے عوام کی مدد کی ، اس کے بدلے میں عمران نیازی نے گالی دی اور الزام لگائے - ہمارا راستہ گالی نہیں ، خوشحالی ہے -انہوںنے الزامات لگائے اور ہم نے وعدے پورے کئے - دن رات محنت کی اور عوام کی خدمت کی اور خدمت کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رکھیں گے - انہوں نے کہا کہ بلین ٹری منصوبہ سب سے بڑا فراڈ ہے - کے پی کے حکومت نے احتساب کا ادارہ بنایا اور ایک ریٹائرڈ جنرل کو اس کا چیئرمین لگایا لیکن وہ اس لئے استعفی دے گئے کہ جب بھی کرپشن کا کیس آتا تو آئیں بائیں شائیں ہونے لگتا- انہوںنے کہا کہ میں کے پی کے کے ہر بزرگ اور ہر نوجوان سے وعدہ کر کے جا رہا ہوں کہ اگر ہمیں انتخابات میں دوبارہ موقع ملا تو پشاور کو لاہور اور کے پی کے کو پنجاب کی طرح ترقی دینے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا - وسائل آپ کے ہیں اور ان پر آپ کا ہی حق ہے - اگر نیازی صاحب کے پی کے میں یونیورسٹیاں اور ہسپتال بنا دیتے تو یہ کوئی احسان نہیں بلکہ آپ کا حق تھا- پشاور میں سیف سٹی منصوبہ بھی لگنا چاہیے تھا - انہوںنے کہا کہ لاہور میں ڈینگی آیا تو ہمیں ڈینگی برادران کا طعنہ دیا گیا - نیازی صاحب عوام کو مشکلات میں چھوڑ کر پہاڑوں پر چڑھ گئی- انہوںنے دھرنوں ، لاک ڈاؤنوں اور انتشار کی سیاست کی اور قومی معیشت کو تباہ کرنے کی کوشش کی - ہمیں دوبارہ موقع ملا تو آپ کو آپ کا حق دیں گے - ہر ڈویژن میں یونیورسٹی اور ہسپتال بنائیں گے - انہوںنے کہا کہ ہم پنجاب کے ہر ضلعی ہسپتال میں سی ٹی سکین کا نیا نظام لائے ہیں اور سرکاری ہسپتالوں میں اعلی معیار کی ادویات مل رہی ہیں - عام آدمی بھی وہی دوائی استعمال کر رہا ہے جو اشرافیہ کرتی ہے - صوبے کے دور دراز علاقوں میں موبائل ہسپتالوں کے ذریعے عوام کو جدید طبی سہولتیں ان کی دہلیز پر دے رہے ہیں - انہوںنے کہا کہ سفر لمبا اور کٹھن ہے تا ہم ملک کو عظیم بنانے کے لئے جان لڑ ا دیں گے - وقت بہت قیمتی ہے اور جدید انفراسٹرکچر عوام کے وقت کو بچاتا ہے - وعدہ کرتا ہوں گزشتہ 70 سالوں میں جو آپ کا وقت ضائع ہوا وہ اربوں ، کھربوں کا انفراسٹرکچر بنا کر تلافی کریں گے - مسلم لیگ (ن) کے پی کے کے صدر و مشیر وزیر اعظم انجینئر امیر مقام نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پارٹی صدارت کا عہدہ سنبھالنے پر سب سے پہلے پشاور آمد پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں - ہم سے آپ جو محبت اور توقعات رکھتے ہیں ، آپ کو کبھی مایوس نہیں کریں گے - انہوںنے کہا کہ کے پی کے کے عوام کو جب بھی کسی مشکل نے گھیرا تو شہباز شریف نے بھرپور مدد کی - 2010ء کا سیلاب ہو یا زلزلہ ، آئی ڈی پی کا مسئلہ ہو یا ڈینگی یا کوئی اور قدرتی آفت شہباز شریف نے آگے بڑھ کر ہماری مدد کی ہے - انہوںنے کہا کہ جب کے پی کے میں ڈینگی آیا تو خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی پرویز خٹک سو رہے تھے اور کے پی کے میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی تھی- میں نے سوات کے ہسپتال سے شہباز شریف کو مدد کیلئے فون کیا تو انہوں نے فوری طور پر پنجاب سے ٹیمیں اور ادویات بھجوائیں -ورکرز کنونشن میں تحریک انصاف کے ایم این اے سراج خان نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے قوم کا وقت برباد کیا ہے اور میں ناچ گانا کرنے والوں کا ساتھ نہیں دے سکتا - انہوںنے کہا کہ انشاء اللہ شہباز شریف پاکستان کے وزیر اعظم ہوں گے - عوام ان کے ساتھ ہیں - آئندہ کے پی کے میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہو گی- وفاقی وزراء ، اراکین اسمبلی ، مسلم لیگ (ن) کے پی کے کے عہدیداران اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے کنونشن میں شرکت کی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات