جمہوریت ہی میں اس ملک کی بقاء ہے،پرویز رشید

جمہوریت کو پروان چڑھنے دیا جائے تو پانچ سالوں میں مملکت خداداد کی تقدیر بدل سکتی ہے، جو لوگ سیاسی جماعتیں دھوتی کی طرح بدلتے ہیں وہ کسی کے نہیں ہوتے،وقت آنے پر ان سے بھی آنکھیں پھیر لیں گے، خصوصی گفتگو

بدھ 11 اپریل 2018 21:45

جمہوریت ہی میں اس ملک کی بقاء ہے،پرویز رشید
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اپریل2018ء) سابق وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ جمہوریت ہی میں اس ملک کی بقاء ہے،جمہوریت کو پروان چڑھنے دیا جائے تو پانچ سالوں میں مملکت خداداد کی تقدیر بدل سکتی ہے،جو لوگ سیاسی جماعتیں دھوتی کی طرح بدلتے ہیں وہ کسی کے نہیں ہوتے،وقت آنے پر ان سے بھی آنکھیں پھیر لیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتساب عدالت کے باہر’’آن لائن‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ علاقائی جماعتوں کی بنیاد سب سے پہلے ایوب خان نے رکھی جس کا خمیازہ قوم نی71 میں بھگتا،ضیاء الحق نے برادری ازم کی سیاست کو فروغ دے کر قوم کو قبیلوں اور گروہوں میں تقسیم کردیا، انکا کہنا تھاکہ بڑی سیاسی جماعتوں کو توڑنے کیلئے ایسے ایسے ناموں سے جماعتیں بنائی جارہی ہیں جن میں لفظ’’پاکستان‘‘ شامل نہیں،اسی طرح حال ہی میں جنوبی صوبہ محاذ کے نام سے ایک گروپ بنایا گیا اس میں لفظ’’محاذ‘‘ خطرناک ہے،لفظ محاذ جنگ نہیں،نام تو درست رکھیں جس سے اپنائیت ظاہر ہو۔

(جاری ہے)

جنوبی پنجاب میں (ن) لیگ نے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے،ملتان پروجیکٹ،دانش سکول ہے،یہ باتیں غلط ہیں کہ جنوبی پنجاب کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا گیا،جو لوگ(ن) لیگ کو چھوڑ کر گئے انتخابات میں آئیں پتہ چل جائے گا کہ (ن) لیگ ایک طاقت کا نام ہے،ن لیگ کے بغیر ان لوگوں کی سیاست باقی نہیں ہے۔انشاء اللہ آمدہ انتخابات میں(ن) لیگ کامیابی حاصل کرے گی،ہم جمہوریت کے ساتھ ہیں،جمہوریت کے خلاف جو بھی سازش ہوگی ہم ڈٹ کر اس کا مقابلہ کریں گی۔

متعلقہ عنوان :