امارات کی صومالیہ میں ہوائی جہاز روکے جانے اورفوجیوں کو ہراساں کرنے کی مذمت

گن پوائنٹ پر اماراتی سیکیورٹی اہلکاروں کو روکنا ، رقم چھیننا عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے،بیان

بدھ 11 اپریل 2018 16:07

ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2018ء) متحدہ عرب امارات نے مملکت میں ایک ہوائی جہاز کو صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں روکے جانے، طیارے میں سوار اماراتی فوجیوں کو ہراساں کرنے اور اس میں رکھی رقم ضبط کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اماراتی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ امارات کا ایک ہوائی جہاز 8 اپریل کو موغادیشو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر روک لیا گیا۔

طیارے پر 47 اماراتی سیکیورٹی اہلکار سوار تھے۔ نہ صرف ہوائی جہاز کو روکا گیا بلکہ اس میں صومالی فوج کے لیے لائی گئی رقم بھی قبضے میں لے لی گئی تھی،بیان میں کہا گیا کہ گن پوائنٹ پر اماراتی سیکیورٹی اہلکاروں کو روکنا اور ان سے رقم قبضے میں لینا دو طرفہ معاہدوں اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

موغادیشو ہوائی اڈے پر پیش آنے والے اس واقعے کے بعث ہوائی جہاز کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوا ہے۔

اماراتی حکومت کا کہنا ہے کہ طیارے میں رکھی گئی رقم صومالیہ کی فوج کی مدد کے لیے بھیجی گئی تھی۔سنہ 2014ء میں دونوں ملکوں کے درمیان طے پائے ایک معاہدے کے تحت دو طرفہ فوجی تعاون کے شعبے میں مدد کے لیے یہ رقم صومالیہ بھیجی گئی تھی۔اماراتی وزارت خارجہ و عالمی تعاون کی طرف سے جاری کردہ بیان میں صومالیہ میں طیارہ روکنے کو عالمی قوانین، بین الاقوامی ضابطوں اور ممالک کے درمیان پائے جانے والے سفارتی تعلقات کے منافی قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :