Live Updates

سپیکر قومی اسمبلی کی سوشل میڈیا پر ہندوئوں کے شری بھگوان کی مبینہ بے حرمتی کے معاملے پر وزارت داخلہ کو سائبر کرائم کے تحت کارروائی کرکے سات دنوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

بدھ 11 اپریل 2018 14:37

سپیکر قومی اسمبلی کی سوشل میڈیا پر ہندوئوں کے شری بھگوان کی مبینہ بے ..
اسلام آباد۔ 11اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2018ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سوشل میڈیا پر ہندوئوں کے شری بھگوان کی مبینہ بے حرمتی کے معاملے پر وزارت داخلہ کو کارروائی کرکے سات دنوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ایوان کو یقین دلایا کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائے گی۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اقلیتی رکن قومی اسمبلی رمیش لعل نے کہا کہ ہمارے بھگوان کی سوشل میڈیا پر بے حرمتی کی گئی ہے، یہ سائبر کرائم میں آتا ہے۔ شری بھگوان کی تصویر پر عمران خان کی تصویر لگائی گئی ہے۔ اس سے 40 لاکھ سے زیادہ ہندوئوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ مذہب کے ساتھ مذاق کے اس فعل کی تحقیقات ہونی چاہیے، سپیکر اس معاملے پر رولنگ دیں۔

(جاری ہے)

سپیکر نے وزیر مملکت برائے داخلہ کو ہدایت کی اس معاملے کو ایف آئی اے کے سپرد کرکے سائبر کرائم کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس فعل سے ہندو برادری کی دل آزاری کی گئی ہے۔ اس بات کی تحقیقات ہونی چاہیے کہ یہ کس ویب سائٹ سے آیا ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ایوان کو یقین دلایا کہ اس معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے گی۔

لال چند نے کہا کہ بار بار سوشل میڈیا پر ہمارے بھگوان کی بے حرمتی کی جارہی ہے، اس سے لگتا ہے کہ یہ ہمارے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش ہے، اس کی انکوائری کے لئے وقت مقرر کیا جائے۔ سپیکر نے کہا کہ سات دنوں میں تحقیقات مکمل کی جائیں۔ وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ اس حوالے سے بالکل ایکشن لیا جائے گا تاہم بیرون ملک رجسٹرڈ ویب سائٹس سے بھی ایسا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر داخلہ نے توہین رسالت کے معاملے پر سفیروں کی کانفرنس بھی طلب کی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات