ایم کیو ایم کے بانی کیخلاف منی لانڈرنگ کیسز کی دوبارہ تحقیقات کیلئے پاکستان نے برطانوی وکیل کی خدمات حاصل کرلیں

ٹوبی کیڈمین تین کیسز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جن میں منی لانڈرنگ، منافرت پر مبنی تقاریر اور عمران فاروق کا قتل شامل ہے

بدھ 11 اپریل 2018 13:32

ایم کیو ایم کے بانی کیخلاف منی لانڈرنگ کیسز کی دوبارہ تحقیقات کیلئے ..
اسلام آباد/لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2018ء) متحدہ قومی موومنٹ کے بانی کے خلاف منی لانڈرنگ کیسز کی دوبارہ تحقیقات کے سلسلے میں پاکستان نے برطانیہ کے اہم وکیل ٹوبی کیڈمین کی خدمات حاصل کرلیں۔برطانوی تحقیقاتی ایجنسی اسکاٹ لینڈ یارڈ نے اکتوبر 2016 میں بانی ایم کیو ایم کے خلاف کیس کی تحقیقات ختم کردی تھیں۔ ٹوبی کیڈمین کو اسکاٹ لینڈ یارڈ اور یوکے کران پراسیکیوشن سروس کے لیے متحدہ کے بانی کے خلاف منی لانڈرنگ سے متعلق تازہ شواہد جمع کرنے کے حوالے سے اہم خیال کیا جارہا ہے۔

وزارت داخلہ سے منسلک ایک سینئر افسر نے منگل کو نجی ٹی وی کو تصدیق کی کہ انہوں نے الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے لیے ٹوبی کیڈمین کی خدمات حاصل کی ہیں۔ ٹوبی کیڈمین ایم کیو ایم سے متعلق 3 کیسز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جن میں منی لانڈرنگ، منافرت پر مبنی تقاریر اور عمران فاروق کا قتل شامل ہے۔

(جاری ہے)

مذکورہ افسر نے مزید بتایا کہ ایف آئی اے انویسٹی گیشن ٹیم بھی پاکستان میں ان کیسز کی تحقیقات کررہی ہے۔

ٹوبی کیڈمین انٹرنیشنل لا اسپیشلسٹ ہیں، جو اس سے قبل سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کے کیس کا دفاع بھی کر چکے ہیں۔جبکہ انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے اثاثوں کی تحقیقات کرنے والی پاناما جے آئی ٹی کو بھی قانونی معاونت فراہم کی۔باخبر حکام نے بتایا کہ منسٹری آن لا اینڈ جسٹس اور آفس آف اٹارنی جنرل آف پاکستان دونوں نے کیڈمین کی تعیناتی پر اتفاق کیا تھا اور اس حوالے سے معاہدے پر دستخط رواں برس یکم فروری کو ہوئے تھے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ کراچی کے تاجر سرفراز مرچنٹ اس کیس کے حوالے سے تازہ شواہد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔