وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے علی بابا گروپ کے ایگزیکٹو چیئرمین جیک ما کی ملاقات،علی بابا گروپ کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار،وزیر اعظم کا خیرمقدم،پاکستان کے دورے کی دعوت دی

منگل 10 اپریل 2018 23:58

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے علی بابا گروپ کے ایگزیکٹو چیئرمین جیک ..
سان یا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے علی بابا گروپ کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اظہار دلچسپی کا خیرمقدم کیا ہے۔ منگل کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے علی بابا گروپ کے ایگزیکٹو چیئرمین جیک ما نے بائو فورم کے موقع پر ملاقات کی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو علی بابا گروپ کے ایگزیکٹو چیئرمین نے گروپ کی کامیابیوں اور مستقبل کے اہداف کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے وزیراعظم کو گروپ کی آن لائن تجارت، مائیکرو فنانسنگ اور عوامی فلاح و بہبود کی سرگرمیوں کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے اپنی کمپنی کی طرف سے پیش کردہ ٹیکنالوجیز سے استفادہ کرنے کے سلسلے میں پاکستان میں موجود مواقع کو سراہا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گروپ کو 500 ارب ڈالر سے زائد مالیت والے کمپنیوں کے گروپ میں شامل ہونے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علی بابا کی متاثر کن کارکردگی ڈیجیٹل دور میں دستیاب مواقع کی نشاندہی کرتی ہے۔ وزیراعظم نے مسٹر جیک ما کو بتایا کہ پاکستان میں مستقبل قریب میں ای کامرس مارکیٹ میں ترقی متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت ڈیجیٹل اکانومی کی ترقی کیلئے اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے علی بابا گروپ کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کرنے کا خیرمقدم کیا اور انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔