وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی چین کے صدر ژی جن پنگ سے ملاقات،وزیر خارجہ وانگ ژی سمیت پولٹ بیورو کے سینئر ارکان بھی موجود تھے،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی معاونت وزیر خارجہ، وزیر داخلہ اور سینئر حکام نے کی،دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال،

چین اور پاکستان آئرن برادرز ہیں، دونوں ملک آزمائش کی گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، خطے میں امن اور استحکام کیلئے پاکستان ایک ستون کی حیثیت رکھتا ہے، مضبوط اور خوشحال پاکستان اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرے گا، پاکستان کے ساتھ دوستانہ اور سٹریٹجک تعاون کو مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں،صدر ژی جن پنگ

منگل 10 اپریل 2018 23:58

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی چین کے صدر ژی جن پنگ سے ملاقات،وزیر خارجہ ..
سان یا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے منگل کو عوامی جمہوریہ چین کے صدر ژی جن پنگ سے ملاقات کی، جس میں چین کے سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ ژی سمیت پولٹ بیورو کے سینئر ارکان بھی موجود تھے جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی معاونت وزیر خارجہ، وزیر داخلہ اور سینئر حکام نے کی۔ وزیراعظم نے صدر ژی کو عوامی جمہوریہ چین کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

دونوں اطراف نے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان آئرن برادرز ہیں، دونوں ملک آزمائش کی گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ہر گزرتے سال کے دوران ان کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ترقی کیلئے ایشیاء کو مزید اوپن بنانے کے صدر ژی کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے صدر ژی کے بیلٹ اور روڈ منصوبے کے وژن کی بھی تعریف کی۔

دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں ترقی کے حوالے سے بہت سے معاملات پر بات چیت کی۔ وزیراعظم نے صدر ژی کو سی پیک پر کامیابی سے عملدرآمد کیلئے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار اور خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ صدر ژی نے کہا کہ صنعتی پارک پاکستان کی صنعت کیلئے ترقی کا ایک نیا راستہ ہونگے اور پاکستان کی صنعتوں کو اس سے پھلنے پھولنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے سی پیک کیلئے چین کے متواتر تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ صدر ژی نے پاکستان کو خطے کے امن اور استحکام کیلئے ایک ستون قرار دیا اور کہا کہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان اس سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی یکجہتی کیلئے چین کے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ اور سٹریٹجک تعاون کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے دہشتگردی کے چیلنج سے نمٹنے کے سلسلے میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پرامن ہمسائیگی کیلئے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ وزیراعظم نے صدر ژی کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ دونوں اطراف نے دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کے تحت عملی اشتراک کیلئے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔