منتخب بلدیاتی نمائندے شہر کی ترقی میں اہم ثابت ہو سکتے ہیں ، گورنر سندھ

عوام کو اپنے منتخب نمائندوں سے بڑی توقعات وابستہ ہوتی ہیں ،بھرپور اقدامات سے عوام کے دل جیتے جا سکتے ہیں،محمد زبیر کراچی کی ترقی و خوشحالی کے لئے وفاقی حکومت کا تعاون جاری رہے گا، کراچی چیئر مینز اتحاد کے 39 رکنی وفد سے گفتگو

منگل 10 اپریل 2018 23:50

منتخب بلدیاتی نمائندے شہر کی ترقی میں اہم ثابت ہو سکتے ہیں ، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ قومی معیشت کی شہ رگ کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن گیا ہے شہر کو عالمی طرز کی جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز نے مل کر کام کرنا ہوگا ، عالمی معاشی نقشہ پر کراچی کو نمایاں مقام دلانے کے لئے عوام کے منتخب نمائندے اہم خدمت انجام دے سکتے ہیں ،شہر میں معاشی ، اقتصادی ، سماجی ، تجارتی ، کاروباری ، ادبی ثقافتی ، فلمی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ لوگ آزادانہ ماحول میں اپنے امور انجام دے رہے ہیں لیکن شہر کو جدید سہولیات کی فراہمی کے بغیر اصل اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے ہیں اس ضمن میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کو بھرپور کام کرنا چاہئے شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے وفاق کا بھرپور تعاون جاری رہے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی میں قائم کراچی چیئر مینز اتحاد کے 39 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ اتحاد میں ایم کیو ایم پاکستان ، مسلم لیگ (ن) ، عوامی نیشنل پارٹی ، پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ (ف) اور جماعت اسلامی کے یونین کونسل کے چیئر مینز شامل ہیں ۔ملاقات میں معاشی شہ رگ کی قومی ترقی میں اہمیت ، جدید سہولیات کی فراہمی میں وفاقی کا بھرپور تعاون ، 75 ارب روپے کی خطیر رقم سے جاری ترقیاتی منصوبے ، شہر میں جاری سیاسی ، سماجی ، معاشی اور دیگر سرگرمیوں میں اضافہ ، صنعتی فعالیت ، نجی سیکٹر کے فعال کردار ، سی پیک منصوبہ کے بعد کراچی میں معاشی سرگرمیوں میں متوقع زبردست اضافہ اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ملاقات میں کراچی چیئر مینز اتحاد نے گورنر سندھ سے اپیل کی کہ کراچی ترقیاتی پیکج میں یونین کونسل سطح کے ترقیاتی منصوبوں کو شامل کئے جا ئے تاکہ نچلی سطح تک عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنایا جا سکے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ اس ضمن میں حالیہ دورہ اسلام آباد میں وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کے دوران اس پر بات ہوئی تھی جسے وزیر اعظم نے سراہتے ہوئے کہا کہ تھا کہ وہ اس سلسلہ میں مزید بات کرکے اس بات کو بھی یقینی بنائیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات پہنچائی جا سکیں ۔

گورنر محمد زبیر نے کہا کہ عوام کو اپنے منتخب نمائندوں سے بڑی توقعات وابستہ ہوتی ہیں ، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور سہولیات کی فراہمی سے ہی عوام کے دل جیتے جا سکتے ہیں ،شہر کی ترقی و خوشحالی میں عوام کے منتخب نمائندے عوامی امنگوں کے مطابق بھرپور اقدامات میں اہم ثابت ہو سکتے ہیں ، عوامی مشکلات کے خاتمہ ، حائل رکاوٹوں اور درپیش مشکلات کے خاتمہ کے لئے حکومت عوام کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مل کر بھرپور اقدامات یقینی بنا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 2013 ء میں کراچی کے حالات انتہائی خراب تھے غیر ملکی سرمایہ کاری یہاں آنے سے ہچکچاتے تھے ، سرمایہ کاری ، صنعتی فعالیت اور تجارتی سرگرمیوں سمیت سماجی سرگرمیاں انحطاط کا شکار رہیں جس سے بے روزگار ی اور غربت میں اضافہ ہو ا ، بجلی کے شدید بحران نے صنعتی فعالیت اور تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ عوام کے لئے بھی شدید مشکلات پیدا کیں ، موجودہ حکومت نے شہر میں امن و امان کے قیام کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے بلا تفریق و دبائو آپریشن شروع کیا جس کے بعد شہر میں آ ج امن و امان کی بہتر صورتحال ہے ، موجودہ حکومت پرعزم ہے کہ شہر کے حالات کو کسی بھی صورت میں خراب نہیں ہونے دیا جائے گا اس ضمن میں ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا ئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ملک کے کونے کونے سے لوگ آکر آباد ہوئے بغیر ماسٹر پلان کے پھیلنے سے شہر میں مسائل نے جنم لیا ، فراہمی و نکاسی آب ، انفرااسٹرکچر ،بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی نے لوگوں کے مسائل میں مزید اضافہ کیا لیکن موجودہ حکومت نے شہر کے دیرینہ مسئلہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے میگا پروجیکٹس K-IV منصوبہ پر کام کا آغاز شروع کردیا ہے ،طویل عرصہ سے التوا ء کے شکار لیاری ایکسپریس وے منصوبہ امسال مکمل کرلیا گیا ، شہر یوں کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے گرین لائن منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ، صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی وترقی پر ترجیحی بنیادوں پر بھرپور اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں ، کراچی ترقیاتی پیکج میں بھی سماجی شعبہ کی ترقی کے ساتھ ساتھ انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر خصوصی اہمیت دی جار ہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی کی ترقی و خوشحالی کے لئے 25 ارب روپے مالیت کے کراچی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا اس سے قبل وفاق کے تحت 50 ارب روپے کی خطیر رقم سے ترقیاتی کام جاری ہیں اس طرح وفاقی حکومت شہر کی ترقی کے لئے 75 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کررہی ہے تاکہ دنیا کے دیگر ترقیاتی یافتہ شہروں کی طرح کراچی کو بھی ترقی دی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے پیچیدہ مسائل با الخصوص علاقائی مسائل کے حل کے لئے منتخب بلدیاتی نمائندے اہم ثابت ہو سکتے ہیں بلدیاتی نمائندے عوامی مشکلات کے خاتمہ کے لئے تجاویز دیں وفاقی حکومت ان کے حل کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی ، مل کر ہی شہر کے مسائل حل کئے جا سکتے ہیں ۔

انہوں نے منتخب بلدیاتی نمائندوں پرزور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی ان سے بڑی توقعات ہیں ، عوامی توقعات کے مطابق عملی اقدامات کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کو ترجیح دینے سے عوام کے دل جیتے جا سکتے ہیں اس ضمن میں وفاقی حکومت کا تعاون جاری رہے گا تاکہ شہر کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر ختم کیا جا سکے ۔